اسپورٹس

ویزا مسائل کی وجہ سے چنئی کے لیے آئی پی ایل کا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے معین علی

نئی دہلی ،23؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز (CSK) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کے اپنے افتتاحی میچ میں معین علی Moeen Ali کی خدمات سے محروم رہے گی۔ کیونکہ انگلینڈ کے اس آل راؤنڈر کوممبئی میں 26 مارچ سے شروع ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لیے ابھی تک ہندوستانی ویزا نہیں ملا ہے۔اس کی تصدیق CSK کے سی ای او کاسی وشواناتھن نے کی۔

وشواناتھن نے کہاکہ یہ یقینی ہے کہ معین علی پہلے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔ اسے ابھی تک ویزا نہیں ملا۔ ہم اور بی سی سی آئی (کرکٹ بورڈ آف انڈیا) اس کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ امید ہے ایک دو دن میں معاملہ حل ہو جائے گا۔

یہ مایوس کن ہے کہ وہ ابھی تک ٹیم میں شامل نہیں ہوئے ہیں۔آئی پی ایل 2022 کا پہلا میچ ہفتہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں چار بار کی چمپئن چنئی اور گزشتہ سال کی رنر اپ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

وشواناتھن نے کہا کہ اگر وہ جمعرات کو ہندوستان پہنچ جاتے ہیں، تب بھی وہ آئی پی ایل کے لیے طے شدہ قرنطینہ کے قوانین کی وجہ سے پہلے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معین کو آئی پی ایل کے بائیو سیکیور ماحول میں داخل ہونے کے لیے تین دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا اور اس طرح اگر انہیں کل ویزا مل بھی جاتا ہے تو وہ پہلے میچ میں نہیں کھیل پائیں گے۔

معین نے چنئی کو ان کا چوتھا آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے میں مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اسی وجہ سے ٹیم نے نیلامی سے قبل انہیں کپتان مہندر سنگھ دھونی، رویندرا جڈیجہ اور رتوراج گائیکواڑ کو برقرار رکھا۔معین نے 15 میچوں میں 357 رنز بنائے اور گزشتہ سال آئی پی ایل میں چنئی کے لیے چھ وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button