
ہیڈنگلے،26؍اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سراج کے ساتھ تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن مقامی تماشائیوں نے برا سلوک کیا۔ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی اس پورے واقعے سے بہت ناراض ہوئے۔
#ہندوستانی #وکٹ #کیپر بلے باز #رشبھ پنت نے اس بات کا انکشاف کیا ہے۔ رشبھ پنت نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے پہلے دن تیز گیند باز محمد #سراج پر شائقین نے گیند پھینکی۔ ٹی وی کیمروں میں دکھایا گیا کہ ہندوستانی کپتان #وراٹ کوہلی اس وقت باؤنڈری لائن پر کھڑے سراج سے اس چیز کو باہر پھینکنے کے لیے کہہ رہے تھے۔دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد جب پنت سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے سارا معاملہ بتایا۔
پنت نے کہا کہ کوہلی ناراض تھے کیونکہ #شائقین میں سے کسی نے سراج پر گیند پھینکی تھی۔ آپ جو بھی کہنا چاہتے ہیں کہہ سکتے ہیں، لیکن فیلڈرز پر کوئی چیز مت پھینکیں۔ میرے خیال میں یہ کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔ سراج نے لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں ہندوستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ 27 سالہ فاسٹ بولر کے ساتھ اس سال کے شروع میں سڈنی میں آسٹریلوی تماشائیوں نے بدسلوکی کی تھی ، جس کی وجہ سے کچھ تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے باہر کردیا گیا تھا۔
لارڈز ٹیسٹ کے دوران بھی شیمپین کی بوتل کے ڈھکن باؤنڈری لائن کے قریب پھینکے گئے۔ اس وقت کے ایل راہل وہاں فیلڈنگ کر رہے تھے اور کوہلی بھی اس واقعے سے ناراض تھے۔اس سیریز کے دوران ہندوستان اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں کے درمیان بھی شدید تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔ لارڈز ٹیسٹ کے آخری دن ہندوستان اور انگلینڈ کے کھلاڑی ایک دوسرے کو نشانہ بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے تھے۔



