موہن بھاگوت کا کشمیری ہندؤں سے خطاب کہا ، اس بار اس طرح آباد کیا جائے گا کہ دوبارہ کوئی ویران نہیں ہوگا
نئی دہلی ،3اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آرایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے اتوار کو ’’نوریہہ مہوتسو ‘‘کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کشمیری ہندو برادری سے خطاب کیا۔
یکم سے 3 اپریل تک جموں میں سنجیوانی شاردا کیندر کی جانب سے تین روزہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں تیسرے دن آرایس ایس سربراہ نے کشمیر ی ہندو ؤں سے خطاب کیا۔پروگرام کے دوران کشمیری ہندوؤں کو نوریہ کے تہوار پر اپنے وطن واپس آنے کی ترغیب دی ۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ اب عزم کی تکمیل کا وقت قریب ہے۔ اس بار آپ اپنے وطن میں اس طرح رہیں گے کہ دوبارہ کوئی آپ کو ویران نہیں کرسکے گا ۔
موہن بھاگوت نے متنازعہ فلم دی کشمیر فائلز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آہستہ آہستہ مبینہ سچ ملک کے سامنے آرہا ہے،اس پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ لیکن عام لوگ کشمیری ہندوؤں کے درد کو سمجھ رہے ہیں اور انہیں کشمیری ہندوؤں سے ہمدردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیر میں ایسی بستیاں ہوں گی کہ دوبارہ کوئی بے گھر نہیں ہو سکے گا۔ صبروتحمل کے ساتھ اپنی کوشش جاری رکھیں۔
موہن بھاگوت نے کہا کہ بحران آتا ہے، بعض اوقات شدید بحران بھی آتا ہے،لیکن صبر کے ساتھ ہر ایک بحران کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہماری یہ عزیمت اور ہمت نسل در نسل منتقل ہونی چاہیے۔ آپ اپنے لوگوں کو بیدار کریں۔



