یوگی موہن بھاگوت کے مسلمانوں کے متلعق بیان سے متفق کہا، بھاگوت کے بیان سے متفق، ہر ہندوستانی کو ’بھارتی رویہ‘ اپنانا ہوگا
یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کی۔
لکھنؤ، 5فروری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ یوپی میں تمام مذہبی تہوار پرامن طریقے سے مکمل ہوئے۔ اگر ہندو لڑکیاں محفوظ ہیں، تو مسلمان لڑکیاں بھی محفوظ ہیں۔ ہماری تمام اسکیموں سے مسلمانوں سمیت سبھی کو فائدہ ہوتا ہے۔میں مسلمانوں کے بارے میں سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان سے متفق ہوں۔سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کے بیان سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ موہن بھاگوت نے جو کہا ہے ، صحیح تناظر میں کہا ہے۔ ہمیں ہندوستانی رویہ اپنانا ہوگا۔ ہر ہندوستانی کو ذات اور مذہب سے قطع نظر خود کو ہندوستانی شہری سمجھنا ہوگا اور ہندوستان کا وژن بھی یہی کہتا ہے۔ بڑے ذہن کے لوگوں کے لیے پوری دنیا ایک خاندان ہے۔ اگر ہم سب کو ایک جامع نقطہ نظر سے دیکھنے کی کوشش کریں تو کہیں بھی کوئی تنازعہ نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ دن پہلے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا تھا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہندوستان میں اسلام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ لیکن انہیں اپنا رویہ تھوڑا بدلنا ہو گا۔ ہم بڑے ہیں، ہم ایک بار بادشاہ تھے، ہم دوبارہ بادشاہ بننے جارہے ہیں،اس سوچ کو ترک کرنا ہوگا۔ دوسری طرف مسلم سماج سے تعلق پر اٹھائے گئے سوال کے بارے میں سی ایم یوگی نے کہا کہ کسی کو جوڑنے کے لیے کسی کی ذات اور مذہب کی ضرورت نہیں ہے۔ بلکہ حکومت کی اسکیموں کے ذریعہ ان سے براہ راست ’ڈائیلاگ‘ کا پروگرام بنایا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ جس نجی ٹی وی سے یوگی آدتیہ ناتھ نے گفتگو کی ہے، اس پر بی جے پی کا مقرب میڈیا ہاؤس ہونے کا بھی الزام ہے۔



