ممبئی ، 18اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ای ڈی کی ٹیم منی لانڈرنگ کیس میں بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ جیکلین فرنانڈیز سے آخری 4 بار پوچھ گچھ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ، لیکن جیکلین ای ڈی کی تفتیش میں شامل نہیں ہوسکی ۔ اس سے پہلے جیکلین 25 ستمبر ، 15 اکتوبر اور 16 اکتوبر کو ای ڈی کے سامنے پیش نہیں ہوئیں اور پھر آج (18 اکتوبر) وہ پیش نہیں ہوسکی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی آج اداکارہ سے ٹھگ بنے سوکیش چندر شیکھر کیخلاف درج منی لانڈرنگ کیس میں پوچھ گچھ کرنے والی تھی ، لیکن اداکارہ ای ڈی کے دفتر نہیں پہنچ سکی۔ اس سے قبل ای ڈی نے 30 اگست کو اس معاملہ میں جیک لین کا بیان ریکارڈ کیا تھا۔
جیکلین فرنانڈیز کا بیان سوکیش چندر شیکھر کے خلاف درج دھوکہ دہی کے مقدمے میں منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ کے تحت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ جیک لین اس کیس کی گواہ ہیں۔ ایجنسی اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا ٹھگ سوکیش چندر شیکھر اور جیکلین کے درمیان کوئی مالی لین دین تو نہیں ہوا تھا۔
دہلی کی روہنی جیل میں بند سوکیش چندر شیکھر پر ایک سال کے اندر ایک تاجر سے 200 کروڑ روپے بھتہ لینے کا الزام ہے۔ اس کے خلاف بھتہ خوری کے 20 سے زائد مقدمات درج ہیں اور اس نے جیل کے اندر سے ایک ریکیٹ چلایا ہے۔
سری لنکا سے تعلق رکھنے والی جیکلین بالی وڈ اداکار سلمان خان کی قریبی سمجھی جاتی ہیں۔ جیک لین کے والد کا تعلق سری لنکا سے ہے ،جبکہ والدہ کا تعلق ملائیشیا سے ہے۔ جیکلین کے والد موسیقار ہیں اور والدہ ایئر ہوسٹس ہوا کرتی تھیں۔
جیکلین نے اپنی پہلی فلم ’الٰہ دین ‘ سے فلمی سفر شروع کیا، لیکن اسے مرڈر 2 سے پہچان ملی ، اس کے بعد اداکارہ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ پھر کئی فلمیں انہوں نے کی ۔ جیک لین کو حال ہی میں فلم ’بھوت پولیس‘ میں دیکھا گیا جس میں سیف علی خان ، ارجن کپورنے اہم کردار ادا کیے ہیں۔



