قومی خبریں

ملک کی کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی، معمولات زندگی متاثر

ممبئی میں 100 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

نئی دہلی، 26 مئی (اردو دنیا/ایجنسیز): ملک کے مختلف حصوں میں پری مانسون اور مانسون بارشوں نے نظام زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ دہلی، مہاراشٹر، تمل ناڈو، گجرات اور راجستھان میں شدید بارش اور آندھی طوفان نے تباہی مچائی ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے آمدورفت میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔

دہلی میں ریکارڈ توڑ بارش

دہلی میں شدید بارش کے سبب متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دعویٰ کیا کہ صورتحال قابو میں ہے۔ ان کے مطابق 30 لاکھ میٹرک ٹن کچرے کی صفائی کے باعث نالوں سے پانی کی نکاسی میں بہتری آئی ہے۔ نالوں کی نگرانی کے لیے نوڈل افسران کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ آج ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 اور کم سے کم 20 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔ ہفتے کے دوران درجہ حرارت 43-46 ڈگری سیلسیس تک پہنچ سکتا ہے۔

ممبئی میں 100 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

ممبئی میں 26 مئی کی صبح ایک گھنٹے میں 104 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ 12 گھنٹوں میں مجموعی طور پر 254 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کولابہ میں مئی کی سب سے زیادہ بارش 295 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس شدید بارش کے سبب لال باغ، چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ نتیجتاً ٹریفک اور لوکل ٹرین سروسز شدید متاثر ہوئیں۔

بی ایم سی اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں نکاسی و راحت کاری میں مصروف ہیں۔ وزیر گریش مہاجن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، خاص طور پر دوپہر 2 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان، کیونکہ 60-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش متوقع ہے۔

تھانے، رائے گڑھ میں ریڈ الرٹ

محکمہ موسمیات نے ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ رائے گڑھ میں شدید بارش کے باعث نیرل-کلمب روڈ پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے۔ مہسالہ-شری وردھن سڑک پانی میں ڈوب گئی جبکہ ساپولی-ہیٹاونے-گونڈاو فاٹا روڈ پر پشتے ٹوٹنے سے راستے مکمل طور پر بند ہو گئے ہیں۔

تمل ناڈو میں بھی شدید بارش کا قہر

تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں لگاتار دوسرے دن بھی بارش نے تباہی مچائی۔ اپلی پالیام روڈ پر ایک تیز رفتار کار نے آٹو کو ٹکر مار کر ایک کھائی میں الٹ دیا۔ مقامی شہریوں اور پیلامیڈو فائر بریگیڈ نے منی کندن کو بحفاظت باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا۔ سنگنالور پولیس نے کرین کی مدد سے کار نکالی اور حادثے کی تحقیقات شروع کی۔

کوئمبٹور، نیلگیرس، چنئی، ترووالور، کانچی پورم سمیت متعدد اضلاع میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث ٹریفک میں رکاوٹ، پانی جمع اور اسکول کالج بند کیے گئے ہیں۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button