
نئی دہلی ،13؍اگست :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ملک میں ویکسین لگانے کے بعد بھی 2.5 لاکھ لوگ کورونا انفیکشن کا شکار ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے ذرائع کے مطابق اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 58 ہزار 560 افراد کو ویکسین لینے کے بعد انفیکشن ہو ا ہے۔ اس میں ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد 1 لاکھ 71 ہزار 511 اور دوسری خوراک کے بعد 87 ہزار 49 افراد کو انفیکشن ہوا ہے۔ ملک کی ویکسی نیشن مہم میں شامل تینوں ٹیکوں کوویشیلڈ، #کوویکسین اور سپوتنک میں بریک تھرو انفیکشن کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان تین ویکسینوں کی پہلی اور دوسری #خوراک کے بعد بھی بریک تھرو #انفیکشن کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک میں #کورونا #کیسز آج پھر 40 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 40120 نئے کیسز درج ہوئے ہیں اور 585 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی #ہندوستان میں فعال کیسوں کی کل تعداد بڑھ کر 385227 ہو گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42295 #مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا سے مجموعی طور پر 31302345 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ صحت یابی کی شرح 97.46 فیصد ہے جو اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ویکسین کی 5731574 خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک کل ویکسی نیشن 529582956 ہو چکی ہے۔ یومیہ مثبت شرح 2.04فیصد ہے۔ یہ گزشتہ19 دنوں میں 3 فیصد سے کم ہے۔



