بین الاقوامی خبریں

نیپال میں اچانک آئے سیلاب سے 380 سے زائد گھر زیرآب

کھٹمنڈو،6ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں شدید بارش کی وجہ سے آنے والے سیلاب میں 380 سے زائد گھر زیرآب ہوگئے اور کئی رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے پیر کو یہ معلومات دی۔ اتوار کی رات کھٹمنڈو میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 100 سے زائد مقامات زیر آب آگئے۔ میٹروپولیٹن پولیس آفس کے ترجمان سشیل سنگھ راٹھور نے بتایا کہ نیپال پولیس، آرمڈ پولیس فورس اور نیپال آرمی کی ٹیموں نے کل رات 138 سے زائد افراد کو بچایا۔

راٹھور نے کہا کہ منوہرہ ندی کے کنارے ملپانی بستیوں، کداگری، ٹیکو اور بلخو علاقوں میں راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں کی گئیں۔کھٹمنڈو میں دریا کے کنارے واقع بیشتر انسانی بستیاں سیلاب کی وجہ سے زیر آب آگئی ہیں۔ حکام کے مطابق کھٹمنڈو میں چار گھنٹے کے اندر 105 ملی میٹر بارش ہوئی۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق سیلاب کی وجہ سے کل 382 مکانات زیر آب آگئے۔سیلاب کی وجہ سے ٹانکیشور، دلو، ٹیکو، تچل، بلخو، نیا بسپارک، بھیمسنستھان، مچا پوکھاری، چابہیل، زورپتی اور کلوپول سمیت کئی علاقے زیر آب آگئے۔دریں اثنا اتوار کے روز ضلع اوکھلدھونگا کے بیٹینی گاؤں میں آسمانی بجلی گرنے سے سات افراد زخمی ہوئے۔ آسمانی بجلی گرنے سے درجنوں مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button