سرورقفلمی دنیا

دنیا کا سب سے مہنگا ٹی وی شو، ایک قسط کی تیاری پر کروڑوں ڈالر کا خرچہ

شو کی ایک قسط پر 10 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے

واشنگٹن :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دنیا کا سب سے مہنگا ٹی وی شو اب سامنے آ چکا ہے، اور حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ نہ تو "گیم آف تھرونز” ہے اور نہ ہی "دی لاسٹ آف اس”۔ اس بار جس سیریز نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، وہ ہے نئی ہیری پوٹر سیریز۔

ذرائع کے مطابق اس ٹی وی شو کی ایک قسط پر 10 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے، جبکہ صرف سیٹ کی تیاری پر 1.3 ارب ڈالر لگائے جا رہے ہیں۔ یہ سیٹ ایک پورا شہر ہوگا جسے "پوٹر ویل” کا نام دیا گیا ہے، اور اس میں ہوگ وارٹز، کنگز کراس اسٹیشن اور پرائیویٹ ڈرائیو جیسے مشہور مقامات بھی شامل ہوں گے۔

وارنر برادرز اسٹوڈیوز اس پروجیکٹ کے پیچھے ہے اور اس کا مقصد ہیری پوٹر کی دنیا کو ایک نئے انداز میں ٹی وی اسکرین پر لانا ہے۔ کل پروڈکشن بجٹ کا تخمینہ 4.2 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جو کہ اب تک کی کسی بھی ٹی وی یا فلمی پروڈکشن سے کہیں زیادہ ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سب سے مہنگی ٹی وی سیریز کا اعزاز "دی لارڈ آف دی رنگز: دی رنگز آف پاور” کو حاصل تھا، جس کی ایک قسط پر 62 ملین ڈالر اور دو سیزن پر مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر سے زائد خرچ آیا تھا۔

اب توقع کی جا رہی ہے کہ نئی ہیری پوٹر سیریز نہ صرف مالی لحاظ سے بلکہ تخلیقی معیار میں بھی ایک نئی مثال قائم کرے گی۔ اس پروجیکٹ میں جدید ترین CGI ٹیکنالوجی، بہترین اداکار اور ایک وسیع شوٹنگ سیٹ شامل ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button