ایم پی :خاتون کو گھورنے والے 3 افراد کا قتل، ایک شخص سنگین طور پر زخمی
بھوپال ؍دموہ ، 25اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے دموہ ضلع میں ایک خاتون کو گھور کر دیکھنے پر تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ ایک کنبہ کے تین اراکین کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ایک شخص سنگین طور پر زخمی بھی ہوا ہے جس کا علاج چل رہا ہے۔ واقعہ کو لے کر متاثرہ کنبہ کی طرف سے شکایت درج کرانے کے بعد سے سبھی ملزم فرار ہیں اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔پولیس سے ملی جانکاری کے مطابق دیہات تھانہ حلقہ کے دیوران گاؤں میں جگدیش پٹیل اور اس کے پڑوسی گھمنڈی اہریوار کے درمیان گالی گلوچ ہوا۔ پٹیل کنبہ کا الزام تھا کہ اہریوار کنبہ کا رکن اس کے گھر کی خاتون کو گھور کر دیکھتا ہے۔ گالی گلوچ کے بعد تنازعہ کافی بڑھ گیا۔
اس کے بعد جگدیش اور اس کے کنبہ کے اراکین نے گھمنڈی کے کنبہ کے اراکین پر گولی چلا دی۔ اس میں گھمنڈی کنبہ کے تین اراکین کی موت ہو گئی، وہیں ایک سنگین طور سے زخمی ہے۔پولیس کے مطابق اس واقعہ میں گھمنڈی، اس کی بیوی رام پیاری اور بیٹے مانک لال کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ اس کا ایک بیٹا سنگین طور پر زخمی ہے۔ اس معاملے میں متاثرہ کنبہ کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر جگدیش پٹیل اور اس کے کنبہ کے دیگر اراکین کے خلاف قتل اور انسداد ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ سبھی ملزم فرار ہیں اور ان کی تلاش کی جا رہی ہے۔



