بین ریاستی خبریںسرورق

پکنک کے دوران حادثہ: چپل نکالنے کی کوشش نوجوان کو لے ڈوبی

آیوش یادو ندی میں بہہ گیا، ویڈیو منظرعام پر

سیونی/مدھیہ پردیش :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مدھیہ پردیش کے ضلع سیونی کے مشہور سیاحتی مقام "پیروہ کھوہ” میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 20 سالہ نوجوان آیوش یادو پکنک کے دوران ندی میں بہہ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔یہ واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیا جب آیوش اپنے پانچ دوستوں کے ساتھ پکنک منانے آیا تھا۔ چشم دید گواہوں کے مطابق، ندی کے کنارے بیٹھے ہوئے آیوش کی ایک چپل پانی میں جا گری۔ اس نے چپل نکالنے کے لیے لکڑی کی چھڑی کا سہارا لیا، اور تقریباً اسے نکال ہی لیا تھا، لیکن جیسے ہی وہ آگے جھکا، توازن کھو بیٹھا اور ندی کی تیز دھار میں بہہ گیا۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ آیوش کیسے آہستہ آہستہ چپل کی طرف جھکتا ہے اور پھر اچانک ندی میں گر کر غائب ہو جاتا ہے۔ اس لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی آیوش کے دوستوں نے پولیس اور ریسکیو ٹیم کو خبر دی۔ ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (SDRF) کی ٹیم نے اتوار کو سرچ آپریشن شروع کیا اور بالآخر نوجوان کی نعش ندی سے برآمد کی گئی۔آیوش یادو، سیونی کے لکھناڈون کے وارڈ نمبر 14 کا رہائشی تھا۔ اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button