تلنگانہ کی خبریں

مسٹر این ‘ مودی ہم نے صرف بینک لوٹے آپ نے تو ساری قوم کو لوٹ لیا

وزیر اعظم کے دورہ حیدرآباد سے قبل ایل بی نگر چوراہے پر بڑا ہورڈنگ

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایک ایسے وقت جبکہ بی جے پی کی جانب سے شہر میں اپنی قومی عاملہ کے سہ روزہ اجلاس کا انعقاد کیا جا رہا ہے کئی مقامات پر بی جے پی کے خلاف پوسٹرس بھی لگائے گئے ہیں۔ ایک مقام پر بائے بائے مودی کی ہورڈنگ کے بعد اب ایل بی نگر چوراہے پر ایک بڑا ہورڈنگ لگایا گیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے ساری قوم کو لوٹ لیا ہے ۔ اس ہورڈنگ میں مقبول عام شو Money Heist کے کرداروں کو پیش کیا گیا ہے جس میں چہرے پر نقاب لگائے ہوئے افراد بینک لوٹتے ہیں۔ اس ہورڈنگ پر جو کیپشن لگا گیا ہے اس میں تحریر ہے کہ ’’ مسٹر این ۔ مودی ہم نے تو صرف بینک لوٹے ہیں۔ آپ نے ساری قوم کو لوٹ لیا ہے ‘‘ ۔

ٹی آر ایس میڈیا کنوینر ستیش ریڈی نے اس ہورڈنگ کی تصویر ٹوئیٹ کی ہے اور انہوں نے کیپشن تحریر کیا ہے ’’ کیا اختراع ہے ‘‘ ۔ قبل ازیں کل رات دیر گئے سے شہر میں کئی مقامات بشمول پریڈ گراونڈ ‘ بیگم پیٹ ‘ ہائی ٹیک سٹی ‘ عابڈز ‘ نامپلی ‘ بنجارہ ہلز ‘ مادھاپور اور لکڑی کا پل کے علاوہ کچھ اور مقامات پر بھی پوسٹرس وغیرہ لگائے گئے تھے ۔ ان پوسٹرس اور بیانرس پر ہیش ٹیاگ ’’ بائے بائے مودی ‘‘ تحریر کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ یہ نعرہ بھی تھا کہ ’’ مودی بس کرو ۔ عوام کو ہلاک کرنابند کرو ‘‘ ۔ اس طرح سے در اصل تنسیخ شدہ متنازعہ زرعی قوانین اور اگنی پتھ اسکیم ‘ نوٹ بندی ‘ عوامی شعبہ کی کمپنیوں کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کے اقدامات کا حوالہ دیا گیا تھا اور مرکزی حکومت کی کورونا سے نمٹنے کی پالیسی پر بھی تنقید کی گئی تھی ۔

اس کے علاوہ شہر میں بی جے پی اور ٹی آرایس کے درمیان پوسٹر وار شروع ہوچکی ہے ۔ کئی مقامات پر جہاں بی جے پی نے پوسٹر لگائے ہیں وہیں ٹی آر ایس نے بھی بیانرس لگائے ہیں۔ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار یشونت سنہا کی تصاویر والے بیانرس وغیرہ بھی ٹی آر ایس نے لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ میٹرو ریل کے کئی پلرس پر چیف منسٹر کی تصاویر کے ساتھ حکومت کی کامیابیوں کو پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔

کلیان لکشمی اور دوسرے سرکاری پروگرامس کی تشہیر کے ساتھ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔ بی جے پی چاہتی تھی کہ نریندر مودی کی آمد کے موقع پر شہر میں ہر طرف زعفرانی رنگ کردیا جائے تاہم ایسا ہوا نہیں ہے اور کئی مقامات پر گلابی رنگ دکھائی دے رہا ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button