دلچسپ خبریں

دنیا کے کامیاب ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کو شادی کے اخراجات کیلئے ادھار لینا پڑ گیا

مسٹر بیسٹ نے شادی کے اخراجات میں مالی مشکلات کا کھل کر اظہار کیا

نیویارک ۴؍جون:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دنیا کے سب سے کامیاب اور امیر سمجھے جانے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ، جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی شادی کے اخراجات اپنی والدہ سے ادھار لے کر پورے کر رہے ہیں۔ یہ بیان سوشل میڈیا پر ان کی ایک پوسٹ کے جواب میں سامنے آیا جس نے ان کے لاکھوں مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔

مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر اس وقت بہت کم رقم کے مالک ہیں کیونکہ ان کی ساری آمدنی ان کے یوٹیوب چینلز اور ویڈیوز میں استعمال ہو جاتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ "ہم شاید اس سال تقریباً 25 کروڑ ڈالر صرف ویڈیوز پر خرچ کریں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنیوں کی مالیت کاغذوں میں ضرور اربوں میں ہے، لیکن ذاتی بینک اکاؤنٹ میں حقیقت اس کے برعکس ہے۔

یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا جب یوٹیوبر اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ جمی ڈونلڈسن اور جنوبی افریقی کانٹینٹ کریئٹر تھییا بوئسن 2022 سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ ان دونوں کی منگنی 2024 میں ہوئی اور اب جلد ہی ان کی شادی متوقع ہے۔

مسٹر بیسٹ نہ صرف یوٹیوب پر بڑے انعامات اور سماجی فلاحی کاموں کے لیے مشہور ہیں بلکہ انہوں نے حالیہ دنوں میں اپنی نئی ریئلٹی شو سیریز "Beast Games” کا آغاز بھی کیا ہے، جس میں جیتنے والے کو ایک کروڑ ڈالر کا انعام دیا گیا ہے۔

مسٹر بیسٹ کے اس حیران کن بیان نے ظاہر کر دیا ہے کہ دنیا کے بڑے ستارے بھی بعض اوقات اپنی ذاتی زندگی میں مالی توازن قائم رکھنے کے لیے عام انسانوں جیسے فیصلے کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button