بین الاقوامی خبریں

ہم پناہ گزینوں کی مطلوبہ مدد نہیں کر رہے ہیں: انجلینا جولی

نیویارک :(اردودنیا/ایجنسیاں) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے پناہ گزین کی خصوصی نمائندہ انجلینا جولی نے بورکینا فاسو کے شمال مشرق میں گوڈیبو کیمپ کا دورہ کرکے پر تشدد کارروائیوں کی وجہ سے ملک چھوڑنے والے ہزاروں پناہ گزینوں کی حمایت کی اور نقل مکانی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اس وسیع کیمپ کے دورے کے بعد انجلینا نے کہا کہ انہیں دنیا بھر میں اس وقت نقل مکانی کی صورت حال کے حوالے سے گہری تشویش ہے۔

انہوں نے کہا”حقیقت یہ ہے کہ ہم پناہ گزینوں کی ان کے گھروں کو واپسی کے واسطے حل یا ان کے میزبان ممالک کی حمایت کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں۔ اس کا آدھا بھی نہیں کر رہےہیں۔محترمہ انجلینا نے زور دیا کہ بورکینا فاسو جیسے ممالک کی حمایت کی جائے جو پناہ گزینوں کی میزبانی انجام دے رہے ہیں۔ہالی وڈ اداکارہ اتوار کی شام ہیلی کاپٹر کے ذریعے مذکورہ کیمپ پہنچی تھیں۔ ان کے ہمراہ بورکینا فاسو کے وزیر خارجہ ایلفا بیری بھی تھے۔ واضح رہے کہ ہر سال 20 جون کو پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔

اس کیمپ میں پناہ گزینوں کی تعداد 9000 تک پہنچ گئی تھی۔ مارچ 2020ء میں کیمپ کے سیکورٹی مرکز پر نئے حملے کے بعد سابقہ حملوں سے بچے ہوئے پناہ گزین فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔ اس کے نتیجے میں گوڈیبو کیمپ کو بند کر دیا گیا۔تاہم دسمبر 2020ء سے بورکینا فاسو کے حکام اور اقوام متحدہ کے کمیشن نے پناہ گزینوں کو ایک بار پھر اس کیمپ میں واپس لوٹا دیا۔ اس سے قبل مزید عسکری نفری تعینات کر کے کیمپ کی سیکورٹی کو مضبوط بنایا گیا۔

اقوام متحدہ کے کمیشن کے مطابق دسمبر 2020ء سے جون 2021ء کے درمیان 11 ہزار کے قریب افراد بورکینا فاسو کے شمال میں واقع شہروں سے گوڈیبو کیمپ میں واپس آئے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button