نئی دہلی،16؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے آئی پی ایل 2021 کے فائنل میچ میں کے کے آر کو شکست دے کر چوتھی بار خطاب جیت کرایک ایسا عالمی ریکارڈ بنایا جو اس سے پہلے کسی کپتان نے ٹی 20 فارمیٹ میں نہیں کیا تھا۔
آئی پی ایل 2021 خطاب جیتنے کے ساتھ دھونی ٹی 20 فارمیٹ میں سب سے زیادہ خطاب جیتنے والے دنیا کے پہلے کپتان بن گئے۔ دھونی نے اس معاملے میں روہت شرما کے ریکارڈ کوتوڑ دیا اور وہ پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔
مہندر سنگھ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے اور وہ صرف آئی پی ایل میں کھیل رہے ہیں، لیکن ان کے ریکارڈ بنانے کا عمل جاری ہے۔ سی ایس کے نے آئی پی ایل 2021 کے فائنل میں کولکاتہ نائٹ رائیڈرز کو 27 رنز سے شکست دی اور دھونی نے ٹی 20 فارمیٹ میں بطور کپتان آٹھواں ٹائٹل جیتا۔ ٹی 20 فارمیٹ کے بارے میں بات کریں تو دھونی اب تک سال 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔
نیز انہوں نے 2010، 2011، 2018 اور 2021 میں آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتا، جبکہ 2010 اور 2014 میں چمپئنز لیگ ٹی 20 کا خطاب جیتا۔ نیز انہوں نے سال 2016 میں ایشیا کپ ٹی 20 کا خطاب بھی جیتا۔ یعنی اب تک انہوں نے اپنی کپتانی میں ٹی 20 فارمیٹ میں کل 8 ٹائٹل جیتے ہیں اور انہوں نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کل 7 ٹائٹل جیتے ہیں جن میں پانچ بار آئی پی ایل ٹائٹل، ایک بار ایشیا کپ ٹائٹل اور ایک بار چمپئنز لیگ ٹائٹل شامل ہے۔



