بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

ایم پی میں المناک بس حادثہ: ندی میں بس جاگری، 13 ہلاک، مودی کا اظہارِ تاسف

بھوپال، 18 جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر روڈ ویز کی بس مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں کھل گھاٹ سنجے سیتو (نرمدا ندی) پر گر گئی اور اس حادثے میں 13 لوگوں کی موت ہو گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ یہ بس اندور سے پونے جا رہی تھی اور بس میں کل 55 مسافر سوار تھے۔ اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے اور 15 افراد کو ضلعی انتظامیہ نے بچا کر بحفاظت باہر نکال لیا ہے۔بس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔ بس پل کی ریلنگ توڑ کر سیدھی دریا میں جاگری۔

بتایا جاتا ہے کہ ایک گاڑی غلط سمت سے آرہی تھی جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور امدادی کام جاری ہے۔وہیں اندور کے کمشنر نے کھرگون اور دھار کے کلکٹروں کو بھی جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔

پی ایم مودی نے اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے دھار میں بس حادثہ افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ ریسکیو کام جاری ہے اور مقامی حکام متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اس واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ ضلع دھار میں کھل گھاٹ میں بس کے نرمدا ندی میں گرنے سے ہونے والے حادثے کی افسوسناک خبر ملی۔

بھگوان ان کی آتما کو شانتی دے اور لواحقین کو یہ گہرا صدمہ برداشت کرنے کی طاقت اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔شیوراج سنگھ چوہان نے ٹویٹ کر کے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی ٹیم جائے حادثہ پر موجود ہے، بس کو نکال لیا گیا ہے ، میں کھرگون، دھار ضلع انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ زخمیوں کے علاج کے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ دُکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان خود کو تنہا نہ سمجھے، میں اور پوری ریاست اُن کے ساتھ ہیں۔

وہیں سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے بھی اس واقعہ کے حوالے سے ایک پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع دھار کے کھل گھاٹ کے مقام پر نرمدا ندی میں مسافروں سے بھری بس کے گرنے کی افسوسناک اطلاع ملی ہے۔ میں حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے جنگی بنیادوں پر ریسکیو کا کام کیا جائے، میں بھگوان سے آنجہانی لوگوں کی آتما کی شانتی کیلئے پرارتھنا کرتا ہوں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button