رام پور،18فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم مودی نے مسلم خواتین کے لیے مبینہ طور پر کئی فلاحی کام کیے ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج بزعم خویش، مسلم خواتین بھی مودی-مودی کا ’’گن گان ‘‘کر رہی ہیں، بنا بریں منافقانہ سیاسی پروگرام چلانے والوں میں بھی بے چینی پیدا ہو گئی ہے ۔
مختار عباس نقوی کے مطابق مخالف پارٹیاں انتشار اور خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہیں،اس کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ غور طلب ہے کہ کل پی ایم مودی نے یوپی کے فتح پور میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تین طلاق کیخلاف قانون کی مخالفت کرنے پر اپوزیشن جماعتوں پر سخت نشانہ لگایا تھا،انہوں نے کہا تھا کہ طلاق ثلاثہ کی مخالفت کرنے والی جماعتیں مفادپرست ہیں ،اور وہ ان لوگوں کے بارے میں بھی نہیں سوچتی جو انہیں ووٹ دے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یوں تو پی ایم مودی مسلم خواتین کی فلاح بات کرتے ہوئے نظر آتے ہیں ، لیکن مسئلہ حجاب ،جو کہ مسلم خواتین کا آئینی اور ذاتی حق ہے ، حجاب کے خلاف نام نہاد بھگوا حامیوں کی جانب ملک کی کئی ریاستوں کے کالجز میں احتجاج کئے جا رہے ہیں ،لیکن پی ایم مودی ایسے موقعہ پر مہر بہ لب ہیں ۔



