ممبئی :شیواجی نگر گینگ ریپ کے تمام 4 ملزمان گرفتار، 3 ملزمان نابالغ نکلے
ممبئی ، 23جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ممبئی کے مشرقی مضافاتی علاقہ گوونڈی میں ہفتہ کی صبح ایک نوجوان خاتون کے ساتھ چار مردوں نے مبینہ طور پر اجتماعی عصمت دری کی۔ اتوار کو شیواجی نگر Shivaji Nagar پولیس اسٹیشن (ممبئی پولیس) کے سینئر انسپکٹر ارجن راجن نے بتایا کہ اس واقعہ کے چاروں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
حیرت ناک امر یہ ہے کہ پولیس کے مطابق گرفتار 4 ملزمان میں سے 3 نابالغ ہیں، معاملہ زیر تفتیش ہے۔ پولس افسر نے ہفتہ کو کہا تھا کہ شیواجی نگر علاقہ میں پیش آئے اس واقعہ میں ملوث تین نابالغوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور چوتھے ملزم کی تلاش جاری ہے۔پولیس نے بتایا کہ ممبئی کے شیواجی نگر میں اجتماعی عصمت دری کا یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریباً 4.30 بجے ایک کچی بستی میں پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ 19 سالہ خاتون ملازم پیشہ ہے، جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہ کام سے واپس آرہی تھی۔
افسر نے بتایا تھا کہ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جس کے بعد متاثرہ نے پولیس کو فون کرکے واقعے کی اطلاع دی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔پولیس کی کم از کم 10 ٹیمیں مختلف مقاما ت بھیجی گئی۔ عہدیدار نے بتایا کہ تکنیکی معلومات کی مدد سے، دو نابالغوں کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ ہفتہ کی دوپہر کو ٹرین کے ذریعے یوپی فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ان دونوں سے پوچھ گچھ کے بعد پولس کو ایک اور نابالغ ملزم کے بارے میں معلومات ملی جسے گرفتار کرلیا گیا، اتوار کو، پولیس نے بتایا کہ واقعے کے تمام ملزمان بھی گرفتار کرلئے گئے ہیں ۔



