ممبئی اے این سی کی بڑی کاروائی : 21 کروڑکی 7 کلو ہیروئن کے ساتھ خاتون گرفتار
ممبئی، 20 اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹرا میں ممبئی کرائم برانچ کے اینٹی نارکوٹک سیل نے بدھ کو بڑی کارروائی کی ہے۔ سیل نے خاتون کو 21 کروڑ مالیت کے 7 کلو ہیروئن کے ساتھ ساین علاقے سے پکڑا ہے۔ خاتون منشیات سپلائر کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔ خاتون کی شناخت آمنہ حمزہ شیخ عرف لالی کے طور پر ہوئی ہے جو کہ مانکھود کی رہائشی ہے۔
ممبئی اے این سی کے عہدیدار کے مطابق ضبط کی گئی ہیروئن ممبئی میں کام کرنے والے دیگر منشیات سپلائرز اور صارفین میں تقسیم کی جانی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لالی کو پہلے اے این سی کی ورلی اور گھاٹکوپر ٹیم نے 2015 اور 2018 میں ممنوعہ ادویات کی فراہمی میں مبینہ کردار کے لیے گرفتار کیا تھا۔
ممبئی اے این سی کے ڈی سی پی دتہ نلوے نے کہا کہ اے این سی کے گھاٹکوپر یونٹ کے عہدیداروں کی مخصوص معلومات پر یہاں کارروائی کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیم کو پتہ چلا کہ لالی بھاری مقدار میں ہیروئن اسمگل کر رہی ہے، جس کے بعد ساین کولیواڑہ میں چھاپے مارے گئے اور ا سے منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر نارکوٹکس ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینس ایکٹ (این ڈی پی ایس) کی سیکشن 8 (سی) اور 21 (سی) کے تحت درج کی گئی ہے۔ ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے منشیات دو سمگلروں سے راجستھان کے نوگاما گاؤں سے خریدی تھی۔



