شردپواراورممتابنرجی کے بعد ادھوٹھاکرے کے گھرکے سی آر کا ظہرانہ
نئی دہلی20فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)وزیر اعظم نریندر مودی پر طنزیہ حملوں کے بعد تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ آج اپنے مہاراشٹرا کے ہم منصب اور شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار سے ملاقات کے لیے ممبئی پہونچے۔
اس میٹنگ کو 2024 کے عام انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے غیر کانگریسی محاذ بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے تحت تلنگانہ کے سی ایم علاقائی پارٹیوں کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کر رہے ہیں۔
تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ذرائع نے بتایاہے کہ ادھو ٹھاکرے نے چیف منسٹر راؤ کو لنچ پر مدعو کیا تھا۔ اس کے بعد انھوں نے شرد پوار سے ملاقات کی ہے۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے استقبال کے پوسٹر ممبئی کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں۔ پوسٹرز پر سی ایم راؤ، ادھو ٹھاکرے، شرد پوار اور شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کی تصویریں ہیں۔سی ایم چندر شیکھر راؤ کے دفتر کے مطابق ٹھاکرے نے انہیں گزشتہ ہفتے فون کیا اور ممبئی آنے کی دعوت دی۔
بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنی لڑائی کے لیے پیشگی حمایت کا اعلان کیا۔تلنگانہ کے چیف منسٹر کے دفتر نے کہا کہ ٹھاکرے نے کہا تھا کہ چندرشیکھرراؤنے ملک کو تقسیم کرنے والی طاقتوں سے بچانے کے لیے صحیح وقت پر آواز اٹھائی ہے۔
سی ایم راؤکے ساتھ ان کی بیٹی اور ایم ایل سی کے کویتا اور پارٹی کے ایم پی جے سنتوش کمار، رنجیت ریڈی اور بی بی پاٹل بھی ممبئی کے دورے پر ہیں۔
کے چندر شیکھر راؤ نے پہلے بی جے پی کو نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ اسے ملک کے اقتدار سے نکالاجانا چاہیے ورنہ ملک بربادہو جائے گا۔ انہوں نے سیاسی قوتوں سے بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرنے کے لیے اکٹھے ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔



