ماں اور 4 بچوں کے قتل کا معاملہ، پولیس نے 28 سال بعد مفرور ملزم کو کیا گرفتار
میرا-بھائیندر وسائی ویرار (ایم بی وی وی) پولیس نے ایک خاتون سمیت چار بچوں کے سفاکانہ قتل میں 28 سال بعد جمعرات کو ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تین میں سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ممبئی، 31دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) میرا-بھائیندر وسائی ویرار (ایم بی وی وی) پولیس نے ایک خاتون سمیت چار بچوں کے سفاکانہ قتل میں 28 سال بعد جمعرات کو ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے تین میں سے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (کرائم) اویناش امبورے سے موصولہ اطلاع کے مطابق پولیس کو ایک اہم پیش رفت اس وقت ملی، جب کاشیمیرا پولیس نے پرانے کیس کو دوبارہ کھولا۔ 17 نومبر 1994 کو تین افراد نے مبینہ طور پر حملہ کرکے ایک 27 سالہ خاتون چکرم دیوی پرجاپتی اور اس کے چار نابالغ بچوں – پرمود (5)، پنکی (3)، پنٹو (2) اور تین ماہ کی خاتون پر حملہ کر کے بے دردی سے قتل کر دیاتھا۔ تینوں ملزمان قتل کی واردات کو انجام دینے کے بعد فرار ہو گئے تھے۔پچھلے سال جب اس کیس کی تحقیقات ایک بار پھر شروع کی گئی تو پولیس کو اطلاع ملی کہ تین مفرور ملزمان میں سے ایک راجکمار امرناتھ چوہان اتر پردیش کے وارانسی ضلع کا رہنے والا ہے۔
اطلاع ملنے کے بعد میرا-بھائیندر وسائی ویرار پولیس نے وارانسی پولس کے ساتھ مل کر تحقیقات شروع کی۔ پولیس کی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ راج کمار چوہان قتل کے بعد اتر پردیش واپس آیا تھا۔ملزم راجکمار امرناتھ چوہان گزشتہ کئی سالوں سے قطر کی ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کر رہا تھا۔ پولیس کو یہ بھی اطلاع ملی کہ راج کمار ہر 2 سال بعد اپنے گاؤں آیا کرتا تھا۔ راجکمار آخری بار سال 2020 میں اپنے گاؤں آیا تھا۔ اس کے بعد ایم بی وی وی پولیس کی ٹیمیں ممبئی ایئرپورٹ کے حکام اور دیگر ایجنسیوں کی مدد سے اس کا انتظار کر رہی تھیں۔ تاہم گزشتہ جمعرات کو 28 سال پرانے کیس کا قاتل پولیس کے ہتھے چڑھ گیا، ایم بی وی وی پولیس قتل میں ملوث دیگر دو ملزمان کی مزید تلاش ہے۔



