ممبئی:نئے سال کی رات خونریز واردات، خاتون نے مٹھائی کے بہانے عاشق کو گھر بلا کر نجی اعضا پر حملہ کر دیا
“نئے سال کی خوشی ایک لمحے میں خوفناک جرم میں بدل گئی۔”
ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ممبئی میں نئے سال کی خوشیاں ایک ہولناک واقعے میں تبدیل ہو گئیں، جہاں ایک 25 سالہ شادی شدہ خاتون نے اپنے شادی شدہ عاشق کو گھر بلا کر اس کے نجی اعضا پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ 31 دسمبر کی رات پیش آیا، جب خاتون نے مٹھائی دینے کے بہانے 44 سالہ شخص کو اپنے گھر مدعو کیا۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق، دونوں کے درمیان گزشتہ چھ سے سات برس سے ناجائز تعلقات تھے۔ بتایا گیا ہے کہ خاتون مقتول کی بہن کی نند (سالی کی رشتہ داری) بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے معاملہ مزید حساس بن گیا۔ خاتون مسلسل اس شخص پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ وہ اپنی بیوی کو چھوڑ کر اس سے شادی کرے، جس پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دباؤ اور دھمکیوں سے تنگ آ کر متاثرہ شخص نومبر 2025 میں بہار چلا گیا تھا، تاہم خاتون وہاں بھی فون کے ذریعے اسے دھمکیاں دیتی رہی۔ 19 دسمبر کو ممبئی واپس آنے کے بعد اس شخص نے خاتون سے فاصلہ اختیار کر لیا اور رابطہ کم کر دیا۔
31 دسمبر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے، خاتون نے مٹھائی دینے کے بہانے اسے دوبارہ گھر بلایا۔ اس وقت گھر میں اس کے بچے سو رہے تھے۔ الزام ہے کہ خاتون نے پہلے متاثرہ شخص سے پتلون اتروائی، پھر کچن سے سبزی کا چاقو لا کر اچانک اس کے نجی اعضا پر حملہ کر دیا، جس سے شدید خون بہنے لگا اور وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔کسی طرح وہاں سے بھاگ کر اپنے بھائی کو اطلاع دی۔
شدید زخمی شخص کو فوری طور پر وی این دیسائی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے ملزمہ کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کے تحت خطرناک ہتھیار سے شدید زخمی کرنے، مجرمانہ دھمکی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
فی الحال ملزمہ فرار ہے اور پولیس نے اسے گرفتار کرنے کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر زاویے سے جانچ کی جا رہی ہے اور جلد ہی ملزمہ کو حراست میں لے لیا جائے گا۔



