بین الاقوامی خبریں

ورجینیا میں بھی مسافر برف میں پھنسے رہے لیکن مری (Murree)جیسی صورتحال کیوں نہ ہوئی؟

کراچی، 11،جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) امریکہ، یورپ سمیت دنیا کے دیگر خطوں میں شدید برف باری کے باعث طویل ٹریفک جام اور اس میں بڑی تعداد میں لوگوں کے پھنس جانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ حال ہی میں امریکہ کی ریاست ورجینیا میں یہ صورتِ حال پیش آئی تھی لیکن وہاں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس کے برعکس پاکستان کے معروف سیاحتی مقام مری میں ہفتے کو سڑکوں پر پھنسنے والی گاڑیوں میں ہلاکتوں کے بعد اس سانحے کے اسباب زیرِ بحث ہیں۔مری واقعے پر ماہرین اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بروقت امدادی کارروائیاں شروع نہ ہونے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ہنگامی صورتِ حال میں اختیار کی گئی تدابیر سے آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بھی سنگین حالات پیدا ہوئے۔

ملک گلزار کھوکھر مری میں شدید موسم میں پھنسنے والے مسافروں میں شامل تھے جو وہاں پیش آنے والی صورتحال کے عینی شاہد بھی ہیں۔اپنی گفتگو میں گلزار کھوکھر نے بتایا کہ انہوں نے برفباری کے دوران گاڑی میں پھنسنے والے افراد کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں تاکہ حالات کا اندازہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ برف باری کا آغاز جمعے کی صبح ہوا تھا جس کے بعد وہاں پھنسے ہوئے افراد نے مدد کے لیے رابطے کرنا شروع کر دیئے تھے لیکن مقامی انتظامیہ کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا آغاز اگلے دن یعنی ہفتے کو ہوا۔گلزار کھوکھر کے بقول گاڑیوں میں جو لوگ فیملی کے ساتھ تھے وہ باہر نہیں نکل رہے تھے اور گاڑیوں میں ہیٹر چلا کر بیٹھے تھے۔

ابتدائی رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ برف باری کے دوران گاڑیوں میں بیٹھے 22 افراد کاربن مونو آکسائیڈ سے ہلاک ہوئے۔آئی جی نیشنل ہائی ویز اور موٹر وے پولیس انعام غنی نے ہفتے کو اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ کاربن مونو آکسائیڈ ایک بے بو گیس ہے جس کا اخراج کا پتا لگانا انتہائی مشکل ہے اور یہ تیزی کے ساتھ موت کا باعث بنتی ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکہ میں بھی ایک ایسا واقعہ پیش آیا، جب ریاست ورجینیا اور واشنگٹن ڈی سی کو ملانے والی انٹر اسٹیٹ ہائی وے 95 پر 20 گھنٹے سے زائد طویل ٹریفک جام ہوا اور اس دوران برفانی طوفان کے دوران 11 انچ تک برف بھی پڑی۔

اس صورتِ حال میں وہاں موجود مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہلاکت کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔امریکہ کی نیشنل ویدر سروس اور مقامی پولیس نے لوگوں کو رات کے اوقات میں سردی کی شدت کے باعث غیر ضروری طور پر سفر سے گریز کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔

لیکن وہ مسافر جو آئی 95 ہائی وے پر پہنچ چکے تھے اور اپنا سفر جاری رکھے ہوئے تھے انہیں اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک ٹرک برفباری سے ہونے والی پھسلن کے باعث سڑک کے بیچ میں پھنس گیا جس کے پیچھے آنے والی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ سے امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے درمیان 40 میل سڑک پر مسافروں کو ٹریفک جام کے ساتھ ساتھ برفانی طوفان کا بھی مقابلہ کرنا پڑا۔اس طوفان کے دوران فی گھنٹہ دو انچ برف پڑی اور درجہ حرارت منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چکا تھا۔ کئی مقامات پر لوگوں کو 18 گھنٹوں تک کچھ کھائے بغیر رہنا پڑا۔

تاہم طوفان اور ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے افراد میں سے کسی کی جان گئی اور نہ ہی طبی امداد دینے کی ضروت پیش آئی۔ البتہ شدید موسم میں پھنسنے والے ڈرائیورز اور مسافروں نے امدادی کارروائیاں شروع ہونے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار ضرور کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button