مظفر نگر ، ۴نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مظفر نگر ضلع کے کھتولی سے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔ عدالت نے انہیں دو سال کی سزا سنائی تھی۔ اس کے علاوہ 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔آر ایل ڈی کے صدر چودھری جینت سنگھ نے بھی اس سلسلے میں ٹویٹ کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کر کے لکھا کہ آخر کار عدالتی حکم کا نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔ودھان سبھا سکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ دو سال یا اس سے زیادہ کی سزا کے بعد رُکنیت خود بخود ختم ہوجاتی ہے۔ وکرم سینی کا معاملہ مقدمہ کی سماعت کے لیے محکمہ انصاف کو بھیج دیا گیا ہے۔ محکمہ انصاف سے واضح رائے طلب کی گئی ہے کہ آیا سپریم کورٹ کے حکم کا اطلاق دو سال کی سزا پر ہوگا یا صرف دو سال سے زیادہ کی سزا پر ۔ تاہم وکرم سینی کو دو سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ سیٹ خالی قرار دینے کا فیصلہ محکمہ انصاف کی رپورٹ آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
مظفر نگر فسادات کے معاملہ میں کھتولی کے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ سے دو سال کی سزا کے سلسلے میں ہائی کورٹ ے رجوع کیا۔ نچلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔11 اکتوبر کو کوال واقعہ کے بعد ہونے والے فرقہ وارانہ فساد میں عدالت نے ایم ایل اے وکرم سینی سمیت 12 ملزمان کو دو سال قید اور 10000 روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
ایم ایل اے سمیت تمام ملزمان کی درخواست ضمانت بھی منظور کر لی گئی۔ نچلی عدالت کے فیصلے پر ایم ایل اے نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ایم ایل اے کے وکیل بھرت ویر اہلوت نے بتایا کہ اپیل دائر کر دی گئی ہے، جلد ہی سماعت کی تاریخ طے کی جائے گی۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے مقامی عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی حکومت کو بھجوا دی ہے۔ ڈی جی سی راجیو شرما نے اس کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سزا کی کاپی ڈی ایم آفس کے ذریعہ ایم ایل اے کو بھیجی گئی ہے۔
خیال رہے کہ کوال واقعے کے بعد 29 اگست 2013 کو کوال گاؤں میں مسلم ہندو فرقہ وارانہ تشدد شروع ہوگیا تھا، تشدد اور آتش زنی کے واقعے کے بعد پولیس نے سکھیڑا پولیس اسٹیشن میں سابق پردھان کے شوہر وکرم سینی سمیت 28 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسپیشل ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں ہوئی۔ ایم ایل اے سمیت 12 ملزمان کو دھمکیاں دینے کے معاملے میں دو سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ دفعہ 148 کے تحت دو سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ایس پی لیڈر سابق وزیر اعظم خان کی سزا کے بعد اسمبلی کی رکنیت ختم کئے جانے کے بعد وکرم سینی کا واقعہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر سوال اٹھا رہے ہیں۔



