
انسانیت شرمسار! شوہر نے بیوی پر کیا بہیمانہ تشدد، پرائیویٹ پارٹ میں ڈالا مرچ پاؤڈر، گرم لوہے سے جلایا
ناجائز تعلقات کے شبہ میں ظلم،خاتون کی حالت تشویشناک
مظفر پور :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ہار کے مظفر پور ضلع کے دیوریا کوٹھی علاقے سے ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شوہر نے اپنی بیوی پر بہیمانہ تشدد کیا۔ خاتون نے الزام لگایا ہے کہ اس کے شوہر شتروگھن رائے (عمر 40 سال) نے نہ صرف اسے بری طرح مارا پیٹا بلکہ اس کے پرائیویٹ پارٹس میں مرچ پاؤڈر بھی ڈال دیا۔ اس کے علاوہ، اس نے گرم لوہے سے جلا کر اسے اذیت دی اور بجلی کا جھٹکا دینے کی کوشش بھی کی۔
خاتون کی حالت اس وقت نہایت تشویشناک ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے متاثرہ کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ساس، بہو اور دیگر سسرالی رشتہ داروں کی تلاش جاری ہے جن پر خاتون نے مسلسل ظلم کرنے کا الزام لگایا ہے۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اس کے تین بچے ہیں اور اس کے شوہر کا بیوٹی پارلر ہے۔ 13 جون کو شوہر نے اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر، گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی۔ متاثرہ کے مطابق، شوہر کو شک تھا کہ اس کے کسی گاؤں والے سے ناجائز تعلقات ہیں۔ اسی شبہے میں اس نے اس پر انسانیت سوز تشدد کیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ جب اس نے شوہر پر غیر ازدواجی تعلقات کا الزام لگایا تو اس نے طبی معائنہ کرانے کی بات کہی۔ اس پر شوہر کو غصہ آ گیا اور اس نے مزید ظلم کیا۔ متاثرہ کے مطابق، شوہر نے اس کی رانوں اور پرائیویٹ پارٹس کو گرم لوہے سے داغ دیا اور اسے ایک کمرے میں قید کر کے دو دن تک کھانے کو کچھ نہیں دیا۔
خاتون نے یہ بھی بتایا کہ اس کے سسرال والے بھی اس کے ساتھ ہونے والے ظلم کے دوران خاموش تماشائی بنے رہے۔ کسی نے بھی اس کی مدد نہیں کی۔ وہ بار بار مدد کے لیے پکارتے رہی، مگر کسی نے آگے آ کر کچھ نہ کیا۔
اس معاملے کا انکشاف اس وقت ہوا جب پڑوسیوں نے خاتون پر ہونے والے مظالم کی اطلاع پولیس کو دی۔ 15 جون کو متاثرہ کا بھائی اس کے سسرال پہنچا اور فوری طور پر اسے اسپتال لے گیا۔ پولیس نے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے اور دیگر سسرالی رشتہ داروں کی تلاش جاری ہے۔



