نئی دہلی ،23جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کانگریس کے سنگین الزامات کا جواب دیا ہے۔ کانگریس لیڈروں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو ادھیڑ عمر کے لوگوں نے 18 سالہ لڑکی کے وقار کو مجروح کرنے کی جسارت کی ہے، لڑکی کا قصور یہ ہے کہ اس کی ماں اسمرتی ایرانی نے کانگریس لیڈروں کے خلاف پریس کانفرنس کیا ہے۔اسمرتی ایرانی نے مزید کہا کہ اس لڑکی کا قصور یہ ہے کہ لڑکی کی ماں نے 2014 اور 2019 میں امیٹھی سے راہل گاندھی کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔ اسمرتی ایرانی نے جذباتی ہوئے کہا کہ کہاں کا آر ٹی آئی اور پیپر۔ کیا اس میں میری بیٹی کا نام درج ہے؟
18 سالہ لڑکی کا قصور یہ ہے کہ اس کی ماں نے امیٹھی میں راہل گاندھی کو شکست دی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ میری بیٹی پڑھتی ہے، کوئی بار نہیں چلاتی۔ میری بیٹی پر حملہ قابل مذمت ہے۔ میں اب عدالت میں کانگریس سے جواب مانگوں گی۔ اسمرتی ایرانی نے کہا کہ جس لڑکی پر پی سی میں کانگریس کے ترجمان نے مسکراتے ہوئے حملہ کیا ہے،وہ ایک عام لڑکی ہے، جو ایک سادہ زندگی گزار تی ہے۔
میری 18 سالہ بیٹی کالج میں پڑھتی ہے۔ کانگریس راہل گاندھی کو دوبارہ انتخابات میں سال 2024میں امیٹھی بھیجے ، میں پھر راہل گاندھی کو ہراکر دکھادوں گی۔خیال رہے کہ کانگریس کی جانب سے اسمرتی ایرانی کی بیٹی پر الزام لگایاگیا کہ ان کی بیٹی فرضی لائسنس پر گوا میں بار چلا رہی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ یہ لائسنس مرکزی وزیر کی بیٹی کو فرضی طریقے سے دیا گیا ،اور اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔وہیں کانگریس نے اسمرتی ایرانی سے استعفیٰ بھی مانگا ہے۔



