بین الاقوامی خبریں

نینسی پیلوسی کا دورہ ہمارے لئے باعث مسرت ہے: تائیوان

تائی پے؍لندن، 3اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) تائیوان نے کہا ہے کہ نینسی پیلوسی کا دورہ ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔تائیوان وزارت خارجہ نے موضوع سے متعلق جاری کردہ بیان میں تمام پلیٹ فورموں پر اور مستقل شکل میں تائیوان کے ساتھ تعاون پر پیلوسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ یہ دورہ دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری لائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور تائیوان بین الاقوامی شراکت داری میں ایک دوسرے کے لئے مفید تعاون کے خاطر کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ 25 سال قبل امریکہ کے اسمبلی اسپیکر نیوٹ گنگرچ کے دورہ تائیوان کے بعد پیلوسی کا حالیہ دورہ دونوں فریقین کے لئے ایک بڑا قدم ہے۔ دوسری طرف، کل شام جزیرے میں آمد کے بعد پیلوسی نے آج صبح تائیوان کی لیڈر سائی انگ وین کے ساتھ ملاقات کی۔مذاکرات میں سائی نے تائیوان کے ساتھ تعاون پر پیلوسی کا شکریہ ادا کیا اور کہا ہے کہ ہم چین کی طرف سے عسکری خطرات کے مقابل پس قدمی اختیار نہیں کریں گے۔پیلوسی نے بھی کہا ہے کہ ہم تائیوان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ امریکہ واحد چین پالیسی کا احترام کرتا ہے لیکن اس وقت تائیوان کے ساتھ تعاون ہمیشہ سے کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔


پیلوسی کے دورے کاردعمل چین آبنائے تائیوان میں فوجی کارروائیاں شروع کرے گا

بیجنگ، 3اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) چین کی فوج امریکی ایوان نمایندگان کی اسپیکرنینسی پیلوسی کی منگل کو تائیوان آمد کے ردعمل میں آبنائے تائیوان میں جنگی کارروائیاں شروع کرے گی۔بیجنگ نے پیلوسی کے دورے کوانتہائی خطرناک قراردیا ہے۔چین کی پیپلزلبریشن آرمی کے ترجمان ووکیان نے سرکاری ذرائع ابلاغ کوبتایا کہ چینی فوج ہائی الرٹ ہے۔ وہ خطرات کا مقابلہ کرنے، قومی خودمختاری اورعلاقائی سا لمیت کا مضبوطی سے دفاع کرنے،بیرونی مداخلت اور’تائیوان کی آزادی‘کے حامی علاحدگی پسندوں کی کوششوں کو سختی سے ناکام بنانے کے لیے متعدد اہدافی فوجی کارروائیاں شروع کرے گی۔کیان نے مزید کہا کہ پی ایل اے کی ایسٹرن کمانڈ تائیوان کے ارد گرد مشترکہ فوجی کارروائیاں کرے گی۔

ان میں جزیرے کے شمال، جنوب مغرب، جنوب مشرق میں مشترکہ بحری اور فضائی مشقیں، آبنائے تائیوان میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے توپ خانے کی فائرنگ اور منگل کی رات سے جزیرے کے سمندری علاقوں میں روایتی میزائل تجربات شامل ہیں۔بیجنگ میں وزارت خارجہ نے نینسی پیلوسی کے تائیوان میں اْترنے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ یہ دورہ ایک چین کے اصول اور چین اورامریکا کے تین مشترکہ اعلامیوں کی دفعات کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس کا چین اور امریکا کے تعلقات کی سیاسی بنیاد پر شدید اثرپڑا ہے اور یہ چین کی خودمختاری اورعلاقائی سا لمیت کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔اس نے مزید کہا کہ امریکہ اپنے حصے کے طور پرتائیوان کوچین پرقابو پانے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہاہے۔

وہ مسلسل ایک چین کے اصول کو مسخ کرتا ہے، دھندلاتا اور کھوکھلا کرتا ہے، تائیوان کے ساتھ اپنے سرکاری تبادلوں کوتیزکرتا ہے اورتائیوان کی آزادی اورعلاحدگی پسندی کی سرگرمیوں کو حوصلہ دیتا ہے۔آگ سے کھیلنے کی طرح یہ چالیں انتہائی خطرناک ہیں۔ جو لوگ آگ سے کھیلتے ہیں،وہ اس سے ہلاک بھی ہوجاتے ہیں۔چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ امریکا تائیوان کے سوال پراپنے وعدے پراعتماد توڑتا ہے جس سے اس کی اپنی قومی ساکھ کھوکھلا ہوجائے گی۔انھوں نے مزید کہاکہ امریکی سیاست دان صرف اپنے مفادات کی پرواکرتے ہیں، تائیوان کے سوال پرکھلم کھلا آگ سے کھیلتے ہیں، خود کوایک ارب چالیس کروڑ چینی عوام کا دشمن بناتے ہیں اور وہ یقینی طور پر کسی اچھی جگہ پر ختم نہیں ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button