
ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی تخفیف
2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے مرکزی حکومت نے عوام کو بڑا تحفہ دیا ہے۔
نئی دہلی،29اگست :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے مرکزی حکومت نے عوام کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ مودی حکومت نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی بڑی کمی کی ہے۔ پی ایم مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں اہم فیصلہ لیتے ہوئے حکومت نے گیس سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی کمی کر دی ہے۔ حکومت نے مہنگائی سے پریشان عوام کو کچھ ریلیف دیتے ہوئے کھانا پکانے والی گیس کی قیمت پر 200 روپے سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کو بھی یہ سبسڈی ملے گی۔ گھریلو گیس سلنڈر میں کمی کے بعد دہلی میں گیس سلنڈر کی قیمت 1103 روپے سے کم ہو کر 903 روپے پر آ جائے گی۔ اگر اجولا اسکیم کے تحت کھانا پکانے کی گیس ملتی ہے، تو کتنی سبسڈی ملے گی؟ کیا اس ریلیف کا فائدہ کمرشل گیس سلنڈر پر بھی ملے گا؟ آئیے جانتے ہیں ان سوالوں کے جواب۔ مرکزی کابینہ کے اس فیصلے کا فائدہ تمام گھریلو گیس سلنڈر صارفین کو ملے گا۔ حکومت کے اس فیصلے کا فائدہ 33 کروڑ صارفین کو ملے گا۔
ملک بھر کے تمام ایل پی جی سلنڈر صارفین کے لیے قیمت میں 200 روپے کی کمی کی جائے گی۔ اجولا اسکیم کے تحت 200 روپے کی سبسڈی پہلے سے ہی مل رہی ہے۔ پہلے سے موصول ہونے والی سبسڈی کے علاوہ، اس اسکیم کے تمام صارفین کو 200 روپے کی اضافی سبسڈی ملے گی۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ کابینہ کے اس فیصلے کے بعد اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کو کل 400 روپے کی سبسڈی ملے گی۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اجولا اسکیم کے تحت ملک بھر میں 9 کروڑ 60 لاکھ خاندانوں کو گیس کنکشن دیئے گئے ہیں۔اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کے کھاتے میں 400 روپے آئیں گے۔ یعنی انہیں سلنڈر کے لیے 703 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ یعنی، اجوالا کے صارفین کے لیے 400 روپے کی سبسڈی اور دیگر صارفین کے لیے 200 روپے کی سبسڈی دستیاب ہوگی۔ 200 روپے کی سبسڈی آج سے ہی لاگو کر دی گئی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد دہلی میں بغیر سبسڈی کے 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 1103 روپے سے کم ہو کر 903 روپے ہو جائے گی۔



