نئی دہلی، 4جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) قومی خواتین کمیشن(NCW) نے بی جے پی کی معطل رکن نوپور شرما کیخلاف سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کے ٹویٹ کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پیر کو ریاستی پولیس سے مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔نوپور شرما نے پیغمبر اسلام محمد کے خلاف گستاخانہ تبصرہ کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ شرما اور ان کے بیان نے پورے ملک کو آگ لگا دی ہے،ورانہیں معافی مانگنی چاہیے۔عدالت کے فیصلے کی خبر شیئر کرتے ہوئے اکھیلیش یادو نے ٹویٹ کیا کہ نہ صرف زبان بلکہ دل سے بھی معافی مانگنی چاہیے اور ملک میں بدامنی اور ہم آہنگی کو بگاڑنے کے لیے سزا بھی ملنی چاہیے۔
اتر پردیش کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈی ایس چوہان کے نام قومی خواتین کمیشن کی صدر ریکھا شرما نے ایک خط بھیجا ہے۔ جس میں کہا گیا کہ یہ ٹویٹ سراسر اشتعال انگیز ہے۔ریکھا شرما نے کہا قومی خواتین کمیشن خواتین نے پایا ہے کہ اکھلیش یادو کا نوپور شرما کے خلاف ایک ٹوئٹ دو مذہبی گروہوں کے درمیان نفرت اورفرقہ وارانہ تفریق کو ہوا دے رہا ہے، جو کہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
اس معاملہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے آپ کو اس پر کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے یادو کے بیان کو بھی ’’ناپسندیدہ‘‘ قرار دیا کیونکہ یہ معاملہ عدلیہ کے سامنے ہے۔قومی خواتین کمیشن کی چیرپرسن ریکھا شرما نے کہا کہ نوپور شرما کو پہلے ہی جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور اکھلیش کا ٹویٹ عام لوگوں کو شرما پر حملہ کرنے کے لیے اُکساتا ہے۔ اس معاملہ کی جانچ ایک مقررہ وقت میں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں تین دن کے اندر کارروائی کی جانی چاہیے۔



