تلنگانہ کی خبریں

تعلیمی میدان میں ایک اور سنگِ میل: نو نہال ہائی اسکول کورٹلہ کو بیسٹ اکیڈمک ایکسیلینس ایوارڈ

نو نہال ہائی اسکول کورٹلہ کو بیسٹ اکیڈمک ایکسیلینس اسکول ایوارڈ

کورٹلہ : 13 دسمبر بروز ہفتہ حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی میں واقع ہائی ٹیکس ایگزیبیشن گراؤنڈ میں ET Tech X کے زیرِ اہتمام ایک شاندار ایوارڈ تقریب اور ایجوکیشن ایکسپو کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب میں ملک بھر کے نمایاں تعلیمی اداروں کو ان کی تعلیمی کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں اسکول ایکسیلینس ایوارڈز سے نوازا گیا۔

اسی تقریب میں ضلع جگتیال کے شہر کورٹلہ کا ممتاز اور منفرد خصوصیات کا حامل اردو میڈیم تعلیمی ادارہ نو نہال ہائی اسکول کو شاندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میں ’’بیسٹ اکیڈمک ایکسیلینس اسکول ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا گیا، جس پر تعلیمی حلقوں میں مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ نو نہال ہائی اسکول نے ایس ایس سی امتحانات میں تین مرتبہ ریاستی سطح پر پہلا مقام حاصل کر کے نہ صرف شہر کورٹلہ بلکہ پوری ریاست تلنگانہ میں اپنی تعلیمی شناخت مضبوط کی ہے۔ یہ ادارہ مسلسل تعلیمی ترقی اور معیاری نتائج کی سمت گامزن ہے۔

اس موقع پر نو نہال ہائی اسکول کے پرنسپل محمد عبد الرحیم نے کہا کہ اسکول میں طلبہ کی تعلیمی، ذہنی اور اخلاقی ترقی اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے وقفے وقفے سے مختلف اختراعی اور تعلیمی پروگرامس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابیاں اساتذہ و معلمات کی مسلسل محنت اور طلبہ کی لگن کا نتیجہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button