کانگریس صدر کی خواہش پر چھوڑا عہدہ : نوجوت سنگھ سدھو نے دیا پی پی سی سی چیف کے عہدے سے استعفیٰ
نئی دہلی،16؍مارچ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پنجاب کانگریس پارٹی کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو Navjot Singh Sidhu نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے اپنا استعفیٰ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو سونپ دیا ہے۔
دراصل پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں ذلت آمیز شکست کے بعد کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے کل ان ریاستوں کے کانگریس پارٹی سربراہوں سے استعفیٰ طلب کیا تھا۔
جس کے بعد نوجوت سنگھ سدھو نے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے سونیا گاندھی کو دئیے گئے استعفے کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے کانگریس صدر کی خواہش کے مطابق اپنا استعفیٰ بھیج دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی انتخابات 2022 میں عآپ نے کانگریس کو شکست دی ہے۔
پنجاب کی 117 اسمبلی سیٹوں میں سے کانگریس صرف 18 سیٹیں جیت سکی۔ پنجاب اسمبلی انتخابات سے عین قبل پارٹی نے نوجوت سنگھ سدھو پر اعتماد کیا اور انہیں کانگریس کی پنجاب یونٹ کا سربراہ بنا دیا۔ لیکن سدھو اپنی ذمہ داری کو ٹھیک طریقے سے سے ادا نہیں کر سکے۔وہیں پنجاب سمیت پانچ ریاستوں میں کراری شکست کے بعد کانگریس ہائی کمان نے بڑی تبدیلیوں کی تیاری شروع کر دی ہے۔
ایسے میں سب سے پہلے پارٹی نے ان ریاستوں کے پارٹی سربراہوں سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کل ٹویٹ کیا کہ ریاستی کانگریس اکائیوں کی ’’تنظیم نو‘‘ کے لیے استعفیٰ طلب کیا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’’کانگریس صدر محترمہ سونیا گاندھی نے اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور کے پی سی سی صدور سے کہا ہے کہ وہ پی سی سی کی تشکیل نو میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے استعفیٰ پیش کریں۔



