بین الاقوامی خبریں

پاکستان عام انتخابات: قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار 87 کامیاب جبکہ ن لیگ کو 60، پی پی کو 45 نشستوں پرملی کامیابی

نواز شریف نے اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد ، 10فروری :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) عام انتخابات 2024ء میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرلی، متعدد نشستوں پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 86 نشستیں جیت لیں جبکہ ن لیگ 59 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اسی طرح پی پی نے 44، ایم کیو ایم نے 7 نشستوں پر کامیابی سمیٹی، اسی طرح آئی پی پی نے دو جبکہ جے یو آئی نے ایک نشست اور مسلم لیگ ق ایک نشست پر کامیاب ہوئی ہے۔خیبرپخوتخوا میں قومی اسمبلی کی 44 نشستوں میں سے 25 کے نتائج موصول ہوگئے ہیں اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔ تحریک اںصاف کے نامزد آزاد امیدواروں نے 24 سیٹیں جیت لیں جبکہ جے یو آئی صرف ایک نشست این اے 28 جیت سکی۔این اے ون چترال سے آزاد امیدوار عبدالطیف 61 ہزار 434 ووٹ لیکر کامیاب اور جے یو آئی کے طلحہ محمود 42 ہزار 987 ووٹ لیکر ناکام ہوگئے۔

این اے 4 سوات 3 سے آزاد امیدوار سہیل سلطان 88 ہزار 9 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے۔ اے ڈبلیو پی کے امیدوار محمد سلیم خان 20 ہزار 890 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 5 دیر بالا سے آزاد امیدوار حاجی صبغۃ اللہ 90 ہزار 261 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ 48 ہزار 63 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔این اے 7 لوئر دیر میں آزاد امیدوار محبوب شاہ 84 ہزار 843 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے اور جماعت اسلامی کے محمد اسماعیل 31 ہزار 133 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 14 مانسہرہ میں ن لیگ کے سردار یوسف 1 لاکھ 15 ہزار 544 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے اور آزاد امیدوار محمد سلیم عمران 1 لاکھ 3 ہزار ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر آئے۔این اے 2 سوات کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 88 ہزار 939 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کے امیدوار 37 ہزار 764 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔


نواز شریف نے اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنانے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد، 10فروری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سادہ اکثریت نہ ہونے پر اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ شہباز شریف کو آصف زرداری، مولانا فضل الرحمن اور خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کا ٹاسک دے دیا ہے۔نواز شریف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، ہمارا فرض ہے ملک کو بھنور سے نکالا جائے، سب کو دعوت دیتے ہیں، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ہمارے ساتھ بیٹھو، آپ جانتے ہیں کس نے ملک کے لئے کیا کیا ہے، آپ کومعلوم ہے کہ (ن) لیگ کا ٹریک ریکارڈ کیا ہے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم سب پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، چاہے وہ پارٹی ہے یا آزاد لوگ ہیں، ان کو بھی دعوت دیتے ہیں زخمی پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آؤ ہمارے ساتھ بیٹھو، ہمارا ایجنڈا صرف اور صرف خوشحال پاکستان ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھاکہ آپ کو معلوم ہے کس نے اس ملک کیلئے کیا کیا ہے؟ ہم نے کس طرح معاشی مشکلات سے نکالا اور معیشت کو ٹھیک کیا، ہمیں مینڈیٹ ملا ہے ضروری ہے کہ سب پارٹیاں مل کر ملک کو اس بھنور سے نکالیں، یہ سب کا پاکستان ہے، سب کو مل کر اس کو بھنور سے نکالنا ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد کا کہنا تھا کہ سیاستدان، پارلیمنٹ، افواج پاکستان، میڈیا سب مل کر مثبت کردار ادا کریں، ملک میں استحکام کے لئے کم از کم دس سال چاہئے، پاکستان اس وقت کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہوسکتا سب کومل کر بیٹھنا ہوگا، معاملات طے کرنے ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button