این سی بی کی بڑی کامیابی : چھ ممالک سے منسلک بین الاقوامی منشیات کا ریکیٹ کا کیا پردہ فاش، 2 گرفتار

نئی دہلی ،22؍جنوری (اردودنیا.ان) نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے سری لنکن اور پاکستانی شہریوں کے ذریعہ چلائے جانے والے منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بڑے ریکیٹ کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملے میں 2 سری لنکن شہریوں کو چنئی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ اس گروہ کے تار پاکستان ، ایران ، سری لنکا ، افغانستان ، مالدیپ اور آسٹریلیا سے جڑے ہوئے ہیں۔ پکڑے گئے سری لنکا کے دو شہری چنئی میں شناخت چھپا کررہ رہے تھے۔
این سی بی نے انڈین کوسٹ گارڈ کے تعاون سے 26 نومبر 2020 کو توتیکورین بندرگاہ سے سری لنکا کی ایک کشتی سے تقریبا 96 کلو ہیروئن اور 18 کلو منشیات ضبط کی تھی ۔ ملاح کے پاس سے5 پستول اور کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ کشتی میں سوار سری لنکا کے تمام 6 شہریوں کو گرفتار کرلیا گیاتھا۔ اس معاملے کی تفتیش میں معلوم ہوا اس بین الاقوامی گروہ کا ماسٹر مائنڈ چنئی میں رہ رہا ہے۔آخر کار دو ماہ کی چھان بین کے بعد سری لنکا کے دونوں شہریوں کو چنئی سے گرفتار کیا گیا۔ دونوں منشیات کی اسمگلنگ میں سری لنکا سے بھی فرار ہیں اور ان کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کیا گیا ہے



