نئی دہلی ، 21 جولائی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)صدارتی انتخابات کے نتائج کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ تیسرے دور کی گنتی کے بعد دروپدی مرمو نے کل درست ووٹوں کے 50 فیصد کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، اڈیشہ اور پنجاب تیسرے دور کی گنتی میں شامل ہیں۔ اس راؤنڈ میں کل درست ووٹ 1,333 ہیں۔ جس کی کل ویلیو 1,65,664 ہے۔ دروپدی مرمو کو 812 ووٹ ملے، یشونت سنہا کو 521 ووٹ ملے۔ تمام بیلٹ باکس کی گنتی دہلی میں ہورہی۔ ووٹوں کی گنتی 21 جولائی یعنی آج صبح سے جاری ہے۔
ملک کا ہر شہری اس بات کا انتظار کر رہا ہے کہ ملک کا اگلا صدر کون بنے گا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اس بار صدر کے عہدے کے انتخاب میں 99 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ہوئی ہے۔ دروپدی مرمو این ڈی اے کی طرف سے صدارتی امیدوار ہیں۔ جبکہ یو پی اے کی طرف سے یشونت سنہا کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
صدارت کے لیے ووٹ 18 جولائی کو ہوئے تھے۔ اس دوران کراس ووٹنگ کی بھی کافی خبریں آئی تھیں۔آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے کہا کہ دروپدی مرمو بھاری اکثریت سے جیت رہی ہیں۔ بھارت کو پہلی قبائلی خاتون صدر ملے گی۔ یہ ملک کے عوام کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔گنتی کے دوسرے دور کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی نے کہا کہ گنتی کے دوسرے دور میں پہلی 10 ریاستوں کے بیلٹ پیپرز کی گنتی حروف تہجی کے حساب سے کی گئی۔ اس میں کل 1138 درست ووٹ ڈالے گئے جن کی مالیت 1,49,575 تھی۔ ان میں سے دروپدی مرمو کو 809 ووٹ ملے جن کی قیمت 1,05,299 ہے اور یشونت سنہا کو 329 ووٹ ملے جن کی قیمت 44,276 ہے۔



