نیلمہ عظیم ۔ بہترین ڈانسر،اداکارہ ،فلمساز اور ہدایت کار-سلام بن عثمان
نیلمہ عظیم: جدوجہد، محبت اور کامیابی سے بھرا ایک لازوال فلمی سفر
2 دسمبر 1958 کو ماسکو میں پیدا ہوئیں۔ والدہ بھی بہترین افسانہ نگار تھیں۔ ماسکو سے دہلی آنے کے بعد والدین اس وقت کے مشہور اخبار بلٹز میں بطور صحافی منسلک رہے، جس کی وجہ سے گھر کا ماحول ادبی تھا۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ نیلمہ کو ادب ورثے میں ملا۔ خواجہ احمد عباس بالی ووڈ کے مشہور کہانی کاروں میں شمار ہوتے تھے۔
نیلمہ عظیم جب بھی اپنے نانا کے گھر جاتیں تو خود کو ایک بھرپور ادبی ماحول میں پاتیں، جہاں مجروح سلطانپوری، کیفی اعظمی اور دیگر ادیب و شاعر اکثر محفل جماتے تھے۔
بچپن ہی سے نیلمہ کو ڈانس کا شوق تھا۔ والدین نے ان کے رجحان کو دیکھتے ہوئے انہیں مشہور ڈانس ماسٹر برجو مہاراج کی کلاس میں داخل کروایا۔ اس وقت نیلمہ آٹھویں جماعت میں تھیں۔ برجو مہاراج کے علاوہ وہ شکلاء جی سے بھی ڈانس سیکھتی رہیں۔ انہیں کتھک سے خاص لگاؤ تھا۔
برجو مہاراج سے تربیت کے دوران نیلمہ نے کتھک کی باریکیوں کو بخوبی سمجھ لیا اور اس کی دھن کو بھی خوبصورت انداز میں گانے لگیں۔ جب برجو مہاراج نے ان کی صلاحیت دیکھی تو بہت خوش ہوئے اور انہیں اپنے ساتھ کتھک کے شوز میں لے جانے لگے۔ رفتہ رفتہ نیلمہ اس فن میں اتنی ماہر ہوگئیں کہ بطور کوریوگرافر بھی کام کرنے لگیں۔
ڈانس کے ساتھ ساتھ نیلمہ کو اداکاری کا بھی شوق تھا۔ نانا خواجہ احمد عباس کے ساتھ کبھی کبھار اسٹوڈیو جانا ہوتا، جس نے ان کے اس شوق کو مزید بڑھایا۔ یہی شوق انہیں حبیب تنویر کے ڈراموں تک لے گیا، جہاں انہوں نے اپنی اداکاری سے خوب شہرت حاصل کی۔
اسی دوران شیکھر کپور بھی این ایس ڈی سے تربیت لے کر حبیب تنویر کے ڈراموں میں شامل ہوئے اور انہیں بھی خاصی شہرت ملی۔ تین شادیوں کی ناکامی کے باوجود نیلمہ نے خود کو سنبھالا اور اداکاری کے ساتھ ساتھ افسانہ نگاری، ہدایت کاری اور فلم سازی میں بھی وقت دیا، جبکہ برجو مہاراج کے شوز میں بھی سرگرم رہیں۔
ڈراموں کے دوران ہی نیلمہ اور شیکھر کپور ایک دوسرے کے قریب آئے۔ اس وقت نیلمہ صرف پندرہ سال کی تھیں جبکہ شیکھر کپور کی عمر اکیس سال تھی۔ دو برس بعد 1975 میں دونوں نے شادی کی اور ان کے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا، جو آج بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہد کپور ہیں۔ تاہم اختلافات بڑھنے پر 1981 میں دونوں کی طلاق ہوگئی اور نیلمہ نے شاہد کی پرورش اکیلے کی۔
نیلمہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کم عمری میں طلاق ان کی زندگی کا مشکل ترین مرحلہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہد کو والد کی محبت کم ملی، جس کا اثر ان کی شخصیت پر بھی پڑا، جبکہ شاہد نے ہمیشہ اپنی والدہ کو محنت کرتے دیکھا۔
ڈراموں کے دوران ہی ان کی دوستی راج ببر اور نادرہ ببر جیسے فنکاروں سے ہوئی۔ دہلی میں رہتے ہوئے انہیں فلم "کرم یودھا” کی پیشکش ملی، جس کے بعد وہ ممبئی آنے لگیں۔ اسی دوران "سلیم لنگڑے پر مت روؤ” جیسی فلم ملی اور یوں ان کا فلمی سفر شروع ہوا۔
نیلمہ تھیٹر سے بھی جڑی رہیں اور پرتھوی تھیٹر میں زیادہ وقت گزارتی تھیں، جہاں فلمی دنیا سے رابطے بھی قائم ہوتے رہے۔ اسی دوران لیکھ ٹنڈن کے سیریل "پھر وہی تلاش” میں انہیں شہناز کا کردار ملا، جس سے انہیں کافی شہرت ملی۔
سیریل کے دوران راجیش کھٹر سے ان کی قربت بڑھی اور دونوں نے 1990 میں شادی کرلی۔ اس شادی سے ان کے بیٹے ایشانت کھٹر پیدا ہوئے، جو آج بالی ووڈ میں اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔
مہیش بھٹ نے جب نیلمہ کو دیکھا تو متاثر ہوکر انہیں فلم "سڑک” کی پیشکش کی۔ اس فلم میں ان پر فلمایا گیا گانا بہت مقبول ہوا۔ سخت دھوپ میں بغیر سینڈل شوٹنگ کے باعث ان کے پاؤں میں چھالے بھی پڑ گئے، مگر ان کی محنت رنگ لائی اور وہ بالی ووڈ میں مشہور ہوگئیں۔
بعد میں رشی کیش مکھرجی نے بھی انہیں اپنے سیریل "تلاش” میں موقع دیا۔ نیلمہ اس قدر مصروف ہوگئیں کہ انہیں کئی بڑی فلموں کو انکار کرنا پڑا، جن میں حنا، امراؤ جان، اتسو، مشعل اور منڈی شامل ہیں، اور یہ تمام فلمیں بعد میں کامیاب ثابت ہوئیں۔
2004 میں انہوں نے رضا علی خان سے تیسری شادی کی، مگر یہ رشتہ بھی 2009 میں ختم ہوگیا۔ اس کے باوجود نیلمہ نے ہمت نہیں ہاری اور خود کو فن کے مختلف شعبوں میں مصروف رکھا۔
انہوں نے اسٹیج شوز میں بھی حصہ لیا اور "نواب نوٹنکی” جیسی فلم بنائی۔ نیلمہ ایک ایسی اداکارہ ہیں جنہیں فن ورثے میں ملا اور انہوں نے اپنی محنت سے ایک منفرد مقام حاصل کیا۔
انہوں نے اداکاری سیکھنے کے لیے کسی اسکول کا سہارا نہیں لیا بلکہ ان کا شوق اور ہنر ہی ان کی پہچان بنا۔ ان کی زندگی کا بڑا حصہ ڈانس، ٹی وی شوز اور ذاتی زندگی کو بہتر بنانے میں گزرا، جس کی وجہ سے وہ زیادہ فلمیں نہ کر سکیں۔
نیلمہ عظیم کے دونوں بیٹے، شاہد کپور اور ایشانت کھٹر، آج بالی ووڈ کے نمایاں اداکار ہیں اور اپنی اداکاری اور ڈانس کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔
نیلمہ عظیم نے کئی ٹی وی سیریلز جیسے "پھر وہی تلاش”، "امر پالی”، "دی سورڈ آف ٹیپو سلطان”، "جنون”، "کشمیر” اور "شانتی” میں کام کیا، جبکہ ان کی فلموں میں "سلیم لنگڑے پر مت روؤ”، "کرم یودھا”، "سڑک”، "ایتہاس”، "عشق وشق”، "بلیک میل” اور "دی اللیگل” شامل ہیں۔
اب بدلتے وقت کے ساتھ نیلمہ عظیم ویب سیریز میں بھی نظر آئیں گی اور "مآم اینڈ کو” میں سوہاسنی جوشی کے کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔


