
برمنگھم، 26 جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ہندوستان کے معروف اور اسٹار بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا نے منگل کو عالمی چمپئن شپ کے دوران پٹھوں میں تکلیف کے بعد دولت مشترکہ کھیلوں سے دستبرداری اختیار کرلی، جس سے ایتھلیٹکس میں ہندوستان کے تمغے کے امکانات کو دھچکا لگا۔چوپڑا نے اتوار کو یوجین میں عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں چاندی کا تاریخی تمغہ جیتا تھا۔24 سالہ اولمپک چمپئن کو برمنگھم میں مردوں کے جیولین تھرو میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنا تھا۔ کامن ویلتھ گیمز جمعرات سے شروع ہوں گے۔چوپڑا کے دستبردار ہونے کا مطلب ہے کہ وہ کامن ویلتھ گیمز کے دوران گریناڈا کے عالمی چمپئن اینڈرسن پیٹرز کے خلاف اپنا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (IOA) کے سکریٹری جنرل راجیو مہتا نے کہا کہ چوپڑا کا پیر کو امریکہ میں ایم آر آئی ہوا اور انہیں ایک ماہ آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا نے آج صبح امریکہ سے فون پر مجھ سے بات کی اور فٹنس کے خدشات کی وجہ سے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے سے معذوری ظاہر کی۔مہتا نے کہا کہ یوجین میں عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں شرکت کے بعد چوپڑا کا پیر کو ایم آر آئی ہوا اور ان کی میڈیکل ٹیم نے انہیں ایک ماہ آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ایتھلیٹ کے قریبی ذرائع کے مطابق یہ پٹھوں میں معمولی تناؤ ہے لیکن انہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔24 سالہ نوجوان عالمی چمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والا دوسرا ہندوستانی کھلاڑی بن گئے ہیں ، ان سے پہلے انجو بوبی جارج نے 2003 کی عالمی چمپئن شپ میں لمبی چھلانگ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔



