قومی خبریں

پڑوسی کے کتے نے خاتون کو کاٹا، شوہرنے غصے میں آکر کتے کوماری گولی

اندور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مدھیہ پردیش کے اندورشہر میں ایک خاتون کو پڑوسی کے کتے نے کاٹ لیا۔ اس کے بعد اس خاتون کے شوہر کو اتنا غصہ آیا کہ اس نے کتے کو ہی گولی ماردی۔ پولیس نے اندور میں ایک پڑوسی کے پالتو کتے کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے الزام میں ایک 53 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کی بیوی کو کتے نے کاٹا تھا، جس کی وجہ سے اس نے غصے میں مبینہ طور پر یہ مجرمانہ قدم اٹھایا تھا۔

دروکاپوری پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر منیش مہر نے بتایا کہ تعزیرات ہند کی دفعہ 429 کے تحت گرفتار ملزم کی شناخت نریندر وسویا (53) کے نام سے ہوئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ سوڈاما نگر کا رہائشی وسویا نے بدھ کی رات اپنے لائسنس یافتہ رائفل سے پڑوسی کے پالتو کتے پر فائر کیا اور گلے میں گولی لگنے سے کتا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

مہر نے بتایاکہ جب اس واقعے کی وجہ کے بارے میں پوچھا گیا تو وسویا نے دعوی کیا کہ کتے نے اس کی بیوی کو کاٹا تھا اوریہ جانور اس کے علاقے میں دوسرے لوگوں کوبھی کاٹ کر زخمی کرچکاہے۔انہوں نے بتایا کہ ویسویا کی لائسنس شدہ رائفل ضبط کرلی گئی ہے اور کتے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجی گئی ہے۔ سب انسپکٹر نے کہاکہ ہم اس معاملے کی تفصیل سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ اگر کتے نے واقعی وسویہ کی بیوی کو کاٹا ہوگا تو ہم بھی اس کے مالک کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button