
نئی دہلی ؍لم بینی، 16مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) وزیر اعظم نریندر مودی لم بینی میں بدھ جینتی پروگرام میں لوگوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ جس جگہ گوتم بدھ کی پیدائش ہوئی تھی، وہاں کی توانائی ایک الگ احساس دلاتی ہے۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ مہابودھی پودا جو میں نے 2014 میں اس جگہ کے لیے تحفہ میں دیا تھا اب بڑھ کر ایک درخت کی شکل اختیار کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ عرصہ قبل مایا دیوی مندر جانے کا جو موقع ملا وہ میرے لیے ناقابل فراموش گھڑی ہے۔
مودی نے یہ بھی کہا کہ نیپال مندروں اور مٹھوں کا ملک ہے اور یہاں کے لوگ بھی رام مندر کی تعمیر سے ’خوش‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنک پور میں ،میں نے کہا تھا کہ نیپال کے بغیر ہمارا رام بھی ادھورا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ آج جب ہندوستان میں شری رام کے نام سے منسوب ایک عظیم الشان مندر بن رہا ہے،تو نیپال کے لوگ بھی اس سے اُتنے ہی خوش ہیں۔
نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا نے لم بینی میں بدھ جینتی کی تقریب میں کہا کہ پچھلے دو سالوں میں کرونا کے دور نے ہمیں بدھ جینتی منانے میں مانع ہوا تھا، یہ ہمارے لیے خوشی کا لمحہ ہے جب ہم بدھ کے 2566 ویں یوم پیدائش کو بڑے تزک و احتشام اور جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیپال کا مطلب دنیا کے بلند ترین پہاڑ ساگرما تھا کا ملک ہے، نیپال کا مطلب دنیا بھر کے یاتریوں، مندروں اور مٹھوں کا ملک، نیپال کا مطلب دنیا کی قدیم تہذیب و ثقافت کو محفوظ رکھنے والا ملک بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوتم بدھ انسانیت کے اجتماعی احساس کا مجسمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا گوتم بدھ کے ساتھ ایک اور رشتہ بھی ہے جو کہ ایک شاندار اتفاق بھی ہے اور بہت خوشگوار بھی ہے۔ مودی نے کہا کہ گجرات کا وہ مقام وڈنگر ، جہاں میں پیدا ہوا تھا، صدیوں پہلے بدھ مت کی تعلیم کا ایک عظیم مرکز تھا۔ آج بھی وہاں سے قدیم آثار دریافت نکل رہے ہیں ،جن کے تحفظ کا کام جاری ہے۔
نیپال: مودی-دیوبا ملاقات، متعدد معاہدے پر دستخط کئے گئے
آج وزیراعظم نریندر مودی کی اپنے نیپالی ہم منصب وزیراعظم شیر بہادر دیوا سے نیپالی کے شہر لم بینی میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں باہمی بات چیت کے دوران کئی معاہدوں پردستخط بھی ہوئے۔ اس دو طرفہ بات چیت کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے نیپال-ہندوستان کے تعاون اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات کو مزید بڑھانے کے مقصد سے باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا۔ فریقین نے لم بینی اور کشی نگر کے درمیان تعلقات قائم کرنے پر بھی اصولی طورپر اتفاق کیا۔
اس ملاقات پر اس بات پر بھی یقین دہانی کرائی گئی کہ مقامی حکام کے ذریعے مناسب وقت پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر چھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ نیپالی وزیراعظم دیوبا نے دو طرفہ بات چیت کے بعد اپنے ہم منصب وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے وفد کے ارکان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔



