نیتن یاہو کی دھمکی: ایران کے لیے ’سرپرائز‘ تیار، جوہری پروگرام تباہ کرنے میں ہر مدد قبول
"ہم نے ایران کے آدھے سے زیادہ میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے"۔
تل ابیب،۲۰؍جون(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک دھماکہ خیز بیان میں کہا ہے کہ ایران کے لیے "سرپرائز” تیار ہے۔ انہوں نے اسرائیل کے کان چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایرانی جوہری پروگرام کو تباہ کرنے میں کسی بھی مدد کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ نیتن یاہو نے دعویٰ کیا کہ "ہم نے ایران کے آدھے سے زیادہ میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا:
"میں نے کہا تھا کہ ہم مشرق وسطیٰ کا چہرہ بدل رہے ہیں، اب میں کہتا ہوں کہ ہم دنیا کا چہرہ بدل رہے ہیں۔”
نیتن یاہو نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی ان کا مقصد نہیں، لیکن یہ ایک ممکنہ نتیجہ ضرور ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ایرانی عوام کو کرنا ہے کہ وہ اپنی حکومت کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کی سخت دھمکی
قبل ازیں اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کو سخت الفاظ میں خبردار کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ تہران میں اسٹریٹجک اہداف پر حملے تیز کرے تاکہ ایران کی حکومت کو غیر مستحکم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا:
"علی خامنہ ای ایک ایسا نظریہ پناہ دے رہے ہیں جس کا مقصد اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے، ایسے شخص کو زندہ نہیں رہنا چاہیے۔”
اطلاعات کے مطابق گزشتہ جمعہ سے اسرائیل نے ایران کے فوجی اور نیوکلیئر مقامات پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ، سکیورٹی اداروں اور تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی وزارت صحت کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں کم از کم 224 افراد جاں بحق جبکہ 1200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ ایرانی حملوں میں ان کے 24 شہری ہلاک ہوئے۔
ایران کی طرف سے بھی میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے جوابی کارروائی کی گئی ہے، جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔



