
دبئی،11ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اردن میں محکمہ انسداد منشیات کے اہلکاروں نے بھیڑوں کے ذریعہ نشہ آور گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔ منشیات کے اسمگلروں نے نیا طریقہ استعمال کرتے ہوئے انتہائی مہارت سے بھیڑوں کو منشیات کے پیکٹ کھلائے بعدازاں انہیں اسمگل کرنے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی ۔
ویب نیوز عاجل نے اردنی محکمہ امن عامہ کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ محکمہ انسداد منشیات کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ منشیات کے سمگلر اپنی مذموم کارروائی کے لیے نیا طریقہ اختیارکرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
اطلاع ملنے پرمختلف ٹیموں کو خصوصی ہدایت کی گئی کہ تمام ہیوی گاڑیوں کی سختی سے نگرانی اورشک ہونے پران کی باریک بینی سے تلاشی لی جائے۔امن عامہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے ایک ٹرک جس میں بھیڑیں لدی ہوئی تھیں کی تلاشی لی تو بظاہر کوئی غیر معمولی چیز نہیں ملی۔
اہلکاروں نے ایک بھیڑ کے تفصیلی معائنہ کیا جس کے دوران بھیڑ کے پیٹ میں غیر معمولی اشیا کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس پرتمام بھیڑوں کو اتارا گیا اور طبی طریقے سے انکے پیٹوں سے منشیات کے کیسپول برآ مد کرلیے گئے۔
ترجمان امن عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹرک میں لدی بھیڑوں کی تعداد 300 تھی جن کے پیٹوں سے بر آمد ہونے والے نشہ آور گولیوں کی تعداد 5 لاکھ سے زائد تھی ۔محکمہ امن عامہ نے ملزمان کی تلاش شروع کردی جن میں سے ایک کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کی تلاش جاری ہے۔واضح رہے پہلے بھی بھیڑوں کے ذریعے نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کی جاتی تھی جس میں بھیڑوں کے بالوں میں منشیات کے پیکٹ چھپائے جاتے تھے ۔



