وائی ایس شرمیلا کی جانب سے تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کی اطلاع زوروں پر
وائی ایس شرمیلا کی جانب سے تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کی اطلاع زوروں پر
حیدرآباد: (اردودنیا.اِن)سابق چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا کی جانب سے نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی اطلاعات زوروں پر ہیں اور ایسی اطلاعات کے درمیان انہوں نے 9فبروری کو صبح 10بجے لوٹس پاؤنڈ بنجارہ ہلز میں اپنے شوہر انیل کے آفس میں حامیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے ۔
اگرچہ کہ شرمیلا کی جانب سے باقاعدہ نئی پارٹی کی تشکیل کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن اس سے ان کے تلنگانہ میں سرگرم ہوجانے کا پیغام ملتا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کھمم کے ایک سابق ایم پی اور ورنگل کے ایک سینئر قائد سے شرمیلا کی اس مسئلہ پر بات چیت ہوچکی ہے ۔ چند دن قبل شرمیلا کی جانب سے تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی بات سامنے آئی تھی اس پر مختلف سیاسی جماعتو ں نے اپنے انداز میں ردعمل ظاہر کیا تھا ۔
کسی نے خیرمقدم کیا تو کسی نے کہا کہ تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ کل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے پارٹی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرمیلا کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت کیلئے کوئی جگہ نہیں اور لوگ اُس کو قبول نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے اے نریندر ، وجئے شانتی اور دیویندر گوڑ کی جانب سے تشکیل دی گئی جماعتو ں اور ان کے انجام کا حوالہ دیا ۔
وائی ایس آر کیلئے حلقہ چیوڑلہ نیک شگون تصور کیا جاتا ہے جہاں سے انہوں نے بحیثیت قائد اپوزیشن 2003میں 1500 کلومیٹر کی پدیاترا شروع کی تھی اس کے بعد انہوں نے 2004 میں متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لایا تھا قریبی ذرائع کے بموجب شرمیلا بھی اب چیوڑلہ سے پدیاترا کے آغاز پر غور کررہی ہیں ۔آنے والے دن ہی بتائیں گے کہ آیا شرمیلا تلنگانہ میں کوئی نئی سیاسی پارٹی تشکیل دیتی ہیں یا نہیں اگر انہوں نے نئی پارٹی تشکیل دی تو اس سے کس پارٹی کو فائدہ ہوگا اور کس پارٹی کو نقصان ؟




