نئی دہلی ،12ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کو دہلی خطہ قومی راجدھانی(این سی آر) اور دیگر ملحقہ ریاستوں میں سرگرم دہشت گرد گروہوں پر نظر رکھنے کے لیے تین درجن سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے۔ عام آدمی کو خوفزدہ کرنے کے لیے سنسنی خیز قتل میں ملوث دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کیخلاف حال ہی میں درج کیے گئے ایک کیس میں دہلی، این سی آر، پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور دیگر کئی مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گروہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے بھتہ خوری، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر منظم جرائم میں ملوث ہیں، گھر پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
چھاپے ریاستی پولیس فورسز کے ساتھ مل کر کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح کا سرچ آپریشن پنجاب کے فرید کوٹ میں گینگسٹر ونے دیورا کے گھر پر کیا گیا۔ ایجنسی امرتسر اور کوٹکپورہ سمیت دیگر مقامات پر بھی پہنچی جہاں تلو گینگ سرگرم ہے۔ این آئی اے کے چھاپے سخت غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت درج کیس کے بعد ہوئے۔ بتایا گیا کہ بوانا اور اس کا گینگ سرکردہ افراد کو قتل کرنے اور سوشل میڈیا پر دہشت پھیلانے کے ذمہ دار ہیں۔نیرج بوانا اور اس کا گینگ اس وقت لارنس بشنوئی کے ساتھ گینگ تنازع میں ملوث ہیں۔ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد نیرج بوانا نے اعلان کیا کہ وہ قاتلوں سے بدلہ لیں گے اور لارنس بشنوئی گینگ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔
این آئی اے کی یہ کارروائی اس وقت سامنے آئی ہے جب انسداد دہشت گردی ایجنسی کو مرکزی وزارت داخلہ سے مختلف ریاستوں میں منظم دہشت گرد گروہوں کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی منظوری ملی ہے۔ وہ قتل،ا سمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور دہشت گردوں کی طرح کام کر رہے ہیں۔حال ہی میں، این آئی اے نے ایک ڈوزیئر تیار کیا تھا اور ان گروہوں کیخلاف کارروائی شروع کرنے کے لیے وزارت داخلہ سے اجازت طلب کی تھی۔ دہلی، پنجاب، ہریانہ، راجستھان اور اتر پردیش کے گینگسٹر این آئی اے کے ریڈار پر ہیں۔



