تلنگانہ کی خبریںسرورق

امریکہ میں مقیم حیدرآبادی خاتون کا قتل، انٹرپول نے سابق بوائے فرینڈ ارجن کو تامل ناڈو سے گرفتار کرلیا

2 جنوری کو ارجن شرما نے پولیس میں نکیتا کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی

نیویارک/نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)امریکہ کی ریاست میری لینڈ میں نئے سال کی شام سے لاپتہ ہونے والی 27 سالہ بھارتی خاتون نکیتا گوڈیشالا کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس معاملے میں بین الاقوامی پولیس ادارے انٹرپول نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے سابق بوائے فرینڈ ارجن شرما کو بھارت کی ریاست تامل ناڈو سے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق نکیتا گوڈیشالا کی نعش اس کے سابق بوائے فرینڈ کے اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی تھی، جہاں نکیتا کے جسم پر چاقو کے متعدد وار کے نشانات موجود تھے۔ نکیتا پیشے کے اعتبار سے ڈیٹا اور حکمتِ عملی کی تجزیہ کار تھیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے امریکہ میں مقیم تھیں۔ وہ میری لینڈ کے ایلی کوٹ سٹی میں رہائش پذیر تھیں۔

تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ 31 دسمبر کی شام تقریباً سات بجے نکیتا کو ارجن شرما نے قتل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ ارجن شرما نے ہاورڈ کاونٹی پولیس کو 2 جنوری کو اپنی گرل فرینڈ نکیتا کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی ۔ جس میں اس نے بتایا کہ نکیتا 31 دسمبر سے لاپتہ ہے ۔ اس نے آخری مرتبہ نکیتا کو کوئن ریواز روڈ کے 10100 بلاک میں واقع اپارٹمنٹ میں دیکھا تھا ۔

پولیس کے مطابق شکایت درج کروانے کے اسی دن ارجن شرما اچانک امریکہ چھوڑ کر بھارت روانہ ہو گیا،اس پیش رفت کے بعد پولیس کے شبہات میں مزید اضافہ ہو گیا۔بعد ازاں پولیس کی کالز کا جواب نہ دینا اور ملک سے اچانک روانگی تفتیشی اداروں کے لیے تشویش کا باعث بنی۔

اس صورتحال کے بعد 3 جنوری کو پولیس نے ارجن شرما کے اپارٹمنٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے نکیتا گوڈیشالا کی نعش خون میں لت پت حالت میں برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے جسم پر چاقو کے متعدد گہرے زخم پائے گئے۔

تحقیقات کے دوران ایک اور اہم انکشاف اس وقت سامنے آیا جب پولیس نے نکیتا کے ای میل اور مالی لین دین کی جانچ کی۔ معلوم ہوا کہ نکیتا کی موت کے باوجود یکم جنوری کو اس کے اکاؤنٹ سے ارجن شرما کے اکاؤنٹ میں بڑی رقم منتقل کی گئی۔ ایک بار 3000$ ڈالر اور دوسری بار 395$ ڈالر منتقل ہوئے، یوں مجموعی طور پر تقریباً 4000$ ڈالر ارجن کے اکاؤنٹ میں گئے، جو بھارتی کرنسی میں تقریباً تین لاکھ پچاس ہزار روپے بنتے ہیں۔

پولیس کے مطابق ان شواہد کی بنیاد پر ارجن شرما کے خلاف پہلی اور دوسری درجے کے قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ کیس کو بین الاقوامی نوعیت اختیار کرنے کے بعد انٹرپول نے امریکی حکام کے ساتھ مل کر کارروائی کی اور ملزم کو تامل ناڈو سے گرفتار کر لیا گیا۔

نکیتا گوڈیشالا تعلیمی اور پیشہ ورانہ میدان میں ایک باصلاحیت شخصیت تھیں۔ وہ نہایت ذہین طالبہ رہیں اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو نمایاں مقام حاصل تھا۔ فروری 2025 میں انہوں نے ایک معروف صحت نگہداشت کمپنی میں ملازمت اختیار کی اور قلیل مدت میں اپنی صلاحیتوں کے باعث ادارے کی جانب سے خصوصی اعزاز بھی حاصل کیا۔

امریکہ جانے سے قبل نکیتا گوڈیشالا سکندرآباد کے KIMS اسپتال میں بطور کلینیکل فارماسسٹ خدمات انجام دے چکی تھیں۔ بعد ازاں وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ گئیں، جہاں انہوں نے میری لینڈ یونیورسٹی سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد وہ ایلی کوٹ سٹی میں واقع ایک فارماسیوٹیکل کمپنی میں ڈیٹا اینالیٹکس پروفیشنل کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

بھارتی سفارت خانے نے اس واقعے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نکیتا گوڈیشالا کے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور ہر ممکن قونصلر مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ سفارت خانے کے مطابق مقامی حکام کے ساتھ بھی قریبی رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان حوالگی کا معاہدہ موجود ہے، جس کے تحت سنگین جرائم میں مطلوب افراد کی حوالگی ممکن ہوتی ہے، تاہم اس عمل میں عدالتی اور سفارتی مراحل شامل ہوتے ہیں، جس کے باعث یہ کارروائی وقت لے سکتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button