بین الاقوامی خبریں

نیرو مودی کو ایک اور بڑا قانونی جھٹکا، ضمانت کی دسویں درخواست بھی مسترد

پی این بی گھوٹالہ 6498 کروڑ کے مجرم نیرو مودی کی حوالگی قریب

لندن :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ہندوستان کے مطلوب مفرور معاشی مجرم نیرو مودی کو ایک بار پھر بڑا جھٹکا لگا ہے۔ لندن ہائی کورٹ آف جسٹس کے کنگز بنچ ڈویژن نے ان کی دسویں ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے ہندوستانی حکومت کے اس موقف سے اتفاق کیا کہ اگر نیرو مودی کو ضمانت دے دی گئی تو اس کے فرار ہونے کے امکانات بدستور موجود ہیں۔

عدالت میں سماعت کے دوران کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) کے وکیل نے ضمانت کی سخت مخالفت کی، جسے ہندوستان سے آئی سی بی آئی ٹیم نے بھی مکمل طور پر سپورٹ کیا۔ ٹیم میں تفتیشی افسران اور قانونی ماہرین شامل تھے، جنہوں نے عدالت کے سامنے مضبوط شواہد اور دلائل پیش کیے۔

سی بی آئی نے اپنے موقف میں کہا کہ نیرو مودی ایک خطرناک مفرور ہے اور اس کے ضمانت پر رہائی سے عدالتی عمل پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ عدالت نے ان دلائل کو سنجیدگی سے لیا اور ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "ضمانت دینا عدالتی نظام کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا۔”

یاد رہے کہ نیرو مودی 19 مارچ 2019 سے برطانیہ کی جیل میں قید ہے۔ اس پر 6498.20 کروڑ روپے کے پنجاب نیشنل بینک (PNB) گھوٹالے میں مرکزی کردار ہونے کا الزام ہے۔ اسے ہندوستان میں سی بی آئی کی جانب سے مفرور معاشی مجرم قرار دیا جا چکا ہے۔

برطانیہ کی ہائی کورٹ پہلے ہی نیرو مودی کی ہندوستان کو حوالگی کی منظوری دے چکی ہے۔ اب یہ معاملہ رسمی قانونی مراحل کے آخری مرحلے میں ہے، جسے ہندوستانی حکومت لاء اینڈ آرڈر اور بین الاقوامی تعاون کے میدان میں بڑی سفارتی کامیابی تصور کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button