نتیش کمار ایک بار پھر این ڈی اے کے لیڈر منتخب، دسویں بار بحیثیت وزیر اعلیٰ حلف لیں گے
۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام ایم ایل ایز اور 22 قانون ساز کونسل کے ممبران بھی شریک ہوئے۔
پٹنہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)بہار میں ایک اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سربراہ نتیش کمار کو بدھ کے روز قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ یہ فیصلہ اتحاد کی تمام اتحادی جماعتوں کے نو منتخب ایم ایل ایز کے اجلاس میں کیا گیا۔ ریاستی وزیر شراون کمار نے اس کی تصدیق کی۔
این ڈی اے کی قیادت کے لیے تجویز جے ڈی یو کے لیڈر وجے چودھری نے پیش کی، جس کی بی جے پی لیڈران سمرات چودھری اور وجے سنہا نے حمایت کی۔ اسی تجویز کی حمایت ایل جے پی (آر وی)، ہم اور آر ایل ایم کے ایم ایل ایز نے بھی کی۔اس فیصلے کے بعد طے پایا کہ نتیش کمار جمعرات کو پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں دسویں بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے جو کہ ایک نئی تاریخی مثال ہے۔
بدھ کی صبح جے ڈی یو کے تمام نو منتخب ایم ایل ایز نے وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے ’سمواد‘ ہال میں منعقدہ اجلاس میں نتیش کمار کو یکجہتی کے ساتھ لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر چنا۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام ایم ایل ایز اور 22 قانون ساز کونسل کے ممبران بھی شریک ہوئے۔
شراون کمار نے بتایا کہ نتیش کمار کے نام کی تجویز وجے چودھری اور اُمیش کُشواہا نے پیش کی، جسے بیجندر یادو، سانجے جھا اور مرکزی وزیر راجیو رنجن سنگھ لالن نے تائید دی۔
بہار میں این ڈی اے کی زبردست کامیابی
بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے ایک بار پھر بھرپور اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپس آیا، جہاں اتحاد نے 243 رکنی اسمبلی میں 202 نشستیں (بی جے پی 89 ,جے ڈی یو 85 ,ایل جے پی (آر وی) 19,ہم: 5, آر ایل ایم: 4)حاصل کیں۔این ڈی اے کی اس کامیابی کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ نتیش کمار کی قیادت میں ریاست ایک بار پھر متحدہ حکومت کی طرف بڑھ رہی ہے۔



