رشی کیش؍نئی دہلی ، 31دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ہندوستانی ٹیم کے معروف وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت ابھی اسپتال میں ہیں۔ پنت نے اپنے ساتھ پیش آنے والے اس واقعہ کو لے کر بڑا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے حادثے کی اصل وجہ بتا ئی ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ یہ حادثہ ان کے ساتھ جھپکی کے باعث پیش آیا، لیکن اب انہوں نے حقیقت سے پردہ ہٹا دیا ہے۔دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کے ڈائریکٹر شیام شرمارشبھ پنت سے ملنے دہرادون کے میکس اسپتال پہنچے، جہاں انہوں نے پنت سے بات کی اور اس دوران پنت نے واقعے کے بارے میں انکشاف کیا۔شیام شرما کے مطابق پنت نے بتایا کہ ان کا حادثہ جھپکی کی وجہ سے نہیں بلکہ گڑھے کی وجہ سے ہوا ہے۔
جب شیام شرما سے پنت کے حادثے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے اس کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ پنت نے کہا کہ رات کا وقت تھا، کچھ گڑھا تھا، اس سے بچنے کے دوران یہ حادثہ پیش آگیا۔پنت کو فی الحال کہیں شفٹ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم انہیں لگمنٹ کے علاج کے لیے لندن جانا پڑ سکتا ہے، اس کا فیصلہ بی سی سی آئی کرے گا۔ اس کے علاوہ پنت کو یہاں سے وہاں منتقل کرنے کا فیصلہ بھی بی سی سی آئی لے گا۔ بی سی سی آئی تمام ڈاکٹروں سے رابطے میں ہے۔ڈی ڈی سی اے کے جوائنٹ سکریٹری راجن من چندا نے کہا کہ اب تک پنت کی رپورٹس کے مطابق پنت کو شدید چوٹیں نہیں آئی ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ پنت 2 ماہ میں گراؤنڈ پر آجائیں گے۔
ڈیوڈ وارنر دہلی کیپٹلز کی کریں گے کپتانی ، زخمی رشبھ پنت پورے سیزن سے باہر
ادھر خبر آئی ہے کہ رشبھ پنت آئی پی ایل کے اگلے سیزن سے باہر ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں ڈیوڈ وارنر کو ان کی غیر موجودگی میں دہلی کیپٹلس کی کپتانی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ رشبھ پنت روڑکی میں ایک کار حادثے میں بری طرح زخمی ہو گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق وہ اب آئی پی ایل کے اگلے سیزن یعنی آئی پی ایل 2023 میںہی کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ پنت کی چوٹ پربی سی سی آئی کے ایک سینئر اہلکار نے انسائیڈ اسپورٹس کو بتایا کہ اُن کے ساتھ حادثہ ہوا، اس وقت ان کا علاج جاری ہے۔ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔ انہیں آرام کرنے دیں اور صحتمند ہونے دیں،وہیں ڈاکٹروں کے مطابق وہ 6 ماہ تک باہر رہ سکتے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان کی چوٹ کا ابھی مکمل جائزہ لینا باقی ہے۔ وقت آنے پر ہم اس پر بات کریں گے۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم ڈاکٹروں سے رابطے میں ہے۔دوسری جانب رشی کیش ایمس کے اسپورٹس انجری ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر قمر اعظم نے بتایا کہ پنت کو صحت یاب ہونے میں کم از کم تین سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔ تاہم، اگر اس کی لگمنٹ کی چوٹ زیادہ مہلک ہے، تو اسے ٹھیک ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔جب رشبھ پنت چوٹ سے باہر ہیں تو دہلی کیپٹلس کی کپتانی ڈیوڈ وارنر کے ہاتھ میں دی جا سکتی ہے۔ حالانکہ پرتھوی شا، منیش پانڈے اور مچل مارش بھی کپتانی کے لیے آپشن ہیں۔ لیکن اس سب میں وارنر کا سب سے زیادہ دعویدار سمجھے جارہے ہیں، کیونکہ انہوں نے سن رائزرس حیدرآباد کی طویل عرصے تک کپتانی کی ہے۔



