بین ریاستی خبریں

بھگونت مان کی حلف برداری میں کوئی وی آئی پی مہمان نہیں ہوگا: ذرائع

چنڈی گڑھ،14؍مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی شاندار جیت کے بعد حکومت سازی کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ اب 16 مارچ کو بھگونت مان Bhagwant Mann وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھگونت مان کی تقریب حلف برداری میں کوئی وی آئی پی مہمان نہیں ہوگا۔

تاہم حلف برداری کی تقریب میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سمیت عام آدمی پارٹی کے تمام بڑے لیڈر موجود رہیں گے۔

دہلی کی طرح پنجاب میں بھی حلف برداری کے پروگرام میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال یا عام آدمی پارٹی کے لیڈروں کے علاوہ کسی دوسری ریاست کے وزیر اعلیٰ یا کسی پارٹی کے کسی بڑے لیڈر کو دعوت نامہ نہیں بھیجا گیا ہے۔ ایسے میں بھگونت مان Bhagwant Mann کی حلف برداری کی تقریب بالکل مختلف ہوگی۔

بھگونت مان 16 مارچ کو لیں گے حلف کہا ،بھگت سنگھ کا گاؤں بسنتی رنگ میں ہوگا تبدیل

بھگونت مان نے تمام پنجابیوں کو 16 مارچ کو کھٹکڑ کلا میں حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھائی لوگ بسنتی رنگ کی پگڑی پہنیں اور بہنیں بسنتی رنگ کی چونی یا دوپٹہ پہن کر آئے تاکہ کھٹکڑ کلا کو بسنتی رنگ میں رنگا جاسکے اور بھگت سنگھ کے خوابوں کو پورا کرنے کا عہد لیا جاسکے ۔ ذرائع کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ 16 مارچ کو بھگونت مان اکیلے ہی حلف لیں گے۔ اس دن کوئی وزیر حلف نہیں اٹھائے گا۔

بھگونت مان 16 مارچ کو نواں شہر ضلع میں عظیم آزادی پسند جنگجو بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں کھٹکڑ کلاں میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیں گے۔ جبکہ باقی وزراء بعد میں حلف اٹھائیں گے۔اس سے قبل بھگونت مان جو پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت میں وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں، نے کہا تھا کہ 10 مارچ کو پنجابیوں نے جو ریکارڈ توڑا ہے، اس کا پوری دنیا میں چرچا ہے۔

70 سال سے جو لوگ بار بار لوٹ رہے تھے آپ نے ان کو 50-50 ہزار سے شکست دی ہے۔ 20 فروری سے 10 مارچ تک یہ لوگ اپنے دل کی بھڑاس نکال رہے تھے کہ عآپ کی حکومت نہیں آئے گی۔ اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے ہم نے پہلے دن سے کام شروع کر دیا ہے۔

بھگونت مان نے کہا کہ 122 افراد کی سیکورٹی کم کی گئی ہے، 403 پولیس اہلکار 27 گاڑیوں میں واپس تھانے آگئے ہیں۔ پہلے ہی دن یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ کسی بھی سرکاری دفتر میں وزیراعلیٰ کی تصویر نہیں ہوگی بلکہ بھگت سنگھ اور بابا صاحب کی تصویر آویزاں ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button