بین الاقوامی خبریں

شمالی کوریا نے ایک نئی قسم کا بیلسٹک میزائل فائر کیا

جنوبی کوریا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے غالباً ایک نئی قسم کا بیلسٹک میزائل داغا ہے

پیانگ یانگ ،13 ؍اپریل:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)جنوبی کوریا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے غالباً ایک نئی قسم کا بیلسٹک میزائل داغا ہے جس میں جدید ترین ٹھوس ایندھن کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ ممنوعہ ہتھیاروں کے پروگرام میں پیونگ یانگ کی ممکنہ تکنیکی پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی فوج نے ایک درمیانے یا اس سے زیادہ فاصلے تک مار کرنے والے ببیلسٹک میزائل کا پتہ لگایا ہے۔ اور ایسا لگتا ہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طورپر ٹھوس ایندھن کا استعمال کرتے ہوئے ایک نئی قسم کا بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔پیونگ یانگ کے تمام معروف بین البراعظمی بیلسٹک میزائل مائع ایندھن سے چلنے والے ہیں لیکن ٹھوس ایندھن والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی خواہشات کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔اس طرح کے میزائلوں کا ذخیرہ اور نقل و حمل آسان ہوتا ہے۔

یہ داغنے کے لحا ظ سے زیادہ مستحکم اور تیز ہوتے ہیں اور ان کا پہلے سے پتہ لگانا اور داغنے سے قبل تباہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔فروری میں پیونگ یانگ میں ایک فوجی پریڈ میں شمالی کوریا نے ریکارڈ تعداد میں جوہری اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی نمائش کی تھی۔ اور تجزیہ کاروں کے مطابق ان میں سے ایک ممکنہ طور پر ٹھوس ایندھن والا بین البراعظمی میزائل بھی تھا۔امریکہ نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی سخت مذمت کرتا ہے۔شمالی کوریا کے جمعرات کے روز اس نئے تجربے کے بعد جاپان نے شمالی ہوکائیڈو علاقے کے رہائشیوں کو محفو ظ مقامات میں منتقل ہوجانے کی وارننگ جاری کی۔ تاہم حکام نے بعد میں یہ نوٹس واپس لے لیا۔

ٹوکیو نے بتایا کہ میزائل ملک کی حدود میں نہیں گرا تھا اور اس سے رہائشیوں کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔ہوکائیڈو کے دارالحکومت ساپورو میں اس ہفتے کے اواخر میں گروپ آف سیون کے وزراء ماحولیات کی میٹنگ ہونے والی ہے۔ یہ ہیروشیما میں اس موضوع پر ہونے والی سربراہی اجلاس سے ایک ماہ قبل ہو رہی ہے۔جمعرات کے روز کا تجربہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اْن کی جانب سے اپنے جوہری ہتھیاروں کو مزید عملی اور جارحانہ طریقوں سے بڑھانے کے عزم کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button