شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی بیٹی پہلی مرتبہ منظر عام پر
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ملک کو دی جانے والی دھمکیوں کا جواب جوہری ہتھیاروں سے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایٹمی کارروائی کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دیا جائے گا۔
پیانگ یانگ ، 19نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان پہلی مرتبہ اپنی بیٹی کو دنیا کے سامنے لائے ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو انٹر کانٹیننٹل بیلسٹک میزائل کے تجربے کے موقعے پر کم جونگ ان کی اپنی بیٹی کے ساتھ ایک تصویر سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کا ہاتھ پکڑا ہوا ہے۔شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے نے کہا ہے کہ جمعے کو ہواسانگ انٹرکانٹیننٹل بیلسٹک میزائل تجربے کے موقعے پر کم جونگ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ بھی موجود تھیں۔تاہم سب سے حیران کرنے والی بات ان کی بیٹی کی موجودگی تھی۔
عوامی سطح پر ان کی بیٹی کے بارے میں کسی کو علم نہیں تھا۔کے سی این اے نے شمالی کوریا کے سربراہ کی بیٹی کا نام نہیں بتایا۔امریکہ کے سٹمسن سینٹر میں شمالی کوریا کے امور کے ماہر مائیکل میڈن کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہم کم جونگ اْن کی بیٹی کو ایک سرکاری تقریب میں دیکھ رہے ہیں۔ یہ بہت اہم ہے کہ اس انداز سے اپنی بیٹی کو سامنے لے آ ئے۔تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کم جونگ ان کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ ستمبر میں قومی دن کے جشن کی فوٹیج میں ان کے بچوں میں سے ایک نظر آیا تھا۔
امریکہ سے تعلق رکھنے والے باسکٹ بال کے کھلاڑی ڈینس روڈمین نے 2013 میں کہا تھا کہ کم جون ان کی چھوٹی بیٹی کا نام جو ای ہے۔اسی سال شمالی کوریا کے دورے کے بعد ڈینس روڈ مین نے برطانوی اخبار دی گارڈین کو بتایا تھا کہ انہوں نے کم جونگ اْن اور ان کے خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارا ہے اور ان کی بیٹی کو گود میں بھی اٹھایا تھا۔مائیکل میڈن کے مطابق جو ای کی عمر 12 اور 13 سال کے درمیان ہے جس کا مطلب ہے کہ اگلے چار سے پانچ سالوں میں وہ یونیورسٹی یا وہ فوج میں جائیں گی۔شمالی کوریا نے اس کے بارے میں کبھی اعلان نہیں کیا کہ کم جونگ اْن کے بعد کون ان کی جگہ لے گا۔
دھمکیوں کا جواب جوہری ہتھیاروں سے دیں گے، کم جونگ ان
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ملک کو دی جانے والی دھمکیوں کا جواب جوہری ہتھیاروں سے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ایٹمی کارروائی کا جواب ایٹمی ہتھیاروں سے دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ دنوں میزائل داغا گیا تھا۔ جنوبی کوریا نے پڑوسی ملک پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا نے مشرق کی جانب میزائل فائر کیا ہے۔جنوبی کوریا کی حکومت کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے مشرق کی جانب بین البراعظمی بیلسٹک میزائل فائر کیا۔



