بھوپال،29جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اب مدھیہ پردیش میں ہندی میں بھی ایم بی بی ایس MBBS کیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے ایم بی بی ایس کا نصاب ہندی میں تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ حال ہی میں اس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس بھی ہوا۔ ہندی میں ایم بی بی ایس کورس کی تیاری کے بارے میں مدھیہ پردیش کے میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر وشواس سارنگ نے کہا کہ اس کے لیے ہم نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی میٹنگ میں نصاب کے ہندی ترجمہ پر بات ہوئی۔ پہلے اس عمل کو مکمل کیا جائے گا، اس کے بعد حکومت ہندی میں بھی اپنے لیکچر دلوانے کی کوشش کرے گی۔ وشواس سارنگ کے مطابق ہندی ہماری قومی زبان ہے، جس کی بہتری کے لیے جو بھی اقدامات کیے جا سکتے ہیں، ہم اٹھا رہے ہیں۔
ایم بی بی ایس کی تعلیم ہندی زبان میں کرانے کی کتنی کوشش کی جائے گی اس پر سوالیہ نشان ہے۔ کیونکہ اس سے پہلے ہندی کو فروغ دینے کے لیے ریاست کے دارالحکومت بھوپال میں ہی اٹل بہاری واجپئی ہندی یونیورسٹی قائم کر چکے ہیں۔
یہ یونیورسٹی بھی اسی مقصد کے لیے قائم کی گئی تھی کہ طلباء ہندی میں انجینئرنگ اور میڈیکل جیسی تعلیم حاصل کر سکیں، لیکن یہ کوشش رنگ نہیں لاسکی ۔ہندی یونیورسٹی میں ہندی میں ان مضامین کی تعلیم کے لیے بہت کم طلبہ داخلہ لیتے ہیں اور جو طلبہ داخلہ لے رہے ہیں انھیں ہندی میں نصاب کی دستیابی کا بھی بڑا مسئلہ درپیش ہے۔



